QR CodeQR Code

عالمی قوتوں نے ملک میں مذہبی انتہا پسندی کو ہوا دی،اگر ہم آج بھی متحد نہ ہوئے تو پھر بہت دیر ہو جائے گی،رحمان ملک

13 Jan 2011 13:14

اسلام ٹائمز:وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ہماری آنے والی نسلوں کے بھی دشمن ہیں، اس وقت قومی اتحاد کی جتنی ضرورت ہے وہ پہلے کبھی نہ تھی اور اگر ہم آج بھی متحد نہ ہوئے تو پھر بہت دیر ہو چکی ہو گی


لاہور:اسلام ٹائمز-وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بننے پر مذہبی انتہا پسندی کی آگ میں جھونکا گیا۔ وہ لاہور میں آئی ایس پی آر کی ڈرامہ سیریز ''فصیلِ جاں سے آگے'' کی تعارفی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا عالمی طاقتوں کو قبول نہ تھا جس کی وجہ سے انہوں نے ملک میں مذہبی انتہا پسندی کو ہوا دی، لیکن ہماری افواج نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ہماری آنے والی نسلوں کے بھی دشمن ہیں، اس وقت قومی اتحاد کی جتنی ضرورت ہے وہ پہلے کبھی نہ تھی اور اگر ہم آج بھی متحد نہ ہوئے تو پھر بہت دیر ہو چکی ہو گی۔ 
اس موقعے پر آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل اطہر عباس نے کہا کہ افواج پاکستان،سول سوسائٹی اور دیگر اداروں کو مل کر انتہا پسندی کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ آئی ایس پی آر اور سی آر ایس کی مشترکہ کاوش ڈرامہ سیریز ''فصیل جاں سے آگے'' ان غیور اور بہادر پاکستانیوں کی شجاعت کے کارناموں پر مشتمل ہے جنہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں وار دیں۔ تقریب میں یوسف بیگ مرزا، شفقت محمود، خاور اظہر، نعمان اعجاز، ریجا،عائشہ ثنا اور راشد محمود سمیت ٹی وی کے درجنوں اداکار شریک تھے۔


خبر کا کوڈ: 50333

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/50333/عالمی-قوتوں-نے-ملک-میں-مذہبی-انتہا-پسندی-کو-ہوا-دی-اگر-ہم-آج-بھی-متحد-نہ-ہوئے-پھر-بہت-دیر-ہو-جائے-گی-رحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org