QR CodeQR Code

سشما سوراج کا دورہ پاکستان ہند و پاک کے درمیان اعتماد سازی کا آغاز، مفتی محمد سعید

8 Dec 2015 08:48

اسلام ٹائمز: جموں میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے کہا کہ ہند و پاک سلامتی مشیروں کے درمیان بنکاک میں خفیہ ملاقات اچھی شروعات ہے۔ انہوں نے کہا ”بھارت اور پاکستان کے قومی سلامتی مشیروں کے درمیان بات چیت اچھی شروعات ہے‘‘۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے ہند و پاک سلامتی مشیروں کے درمیان بنکاک میں خفیہ ملاقات کو اچھی شروعات سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے اعتماد سازی کی خلیج کو دور کرنے کیلئے مفاہمتی راہ اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ انکی جماعت ’’پی ڈی پی‘‘ کا ہمیشہ سے ہی اسی طرح کا موقف رہا ہے اور حکومت ہند بھی اب یہی محسوس کررہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بغیر کسی شور شرابے کے مفاہمتی عمل اور تعلقات آگے بڑھنے چاہئے۔ جموں میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے کہا کہ ہند و پاک سلامتی مشیروں کے درمیان بنکاک میں خفیہ ملاقات اچھی شروعات ہے۔ انہوں نے کہا ”بھارت اور پاکستان کے قومی سلامتی مشیروں کے درمیان بات چیت اچھی شروعات ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا ”یہ ایک خوش آئند قدم اور اچھی شروعات ہے، ہم کامیابی کی امید کرتے ہیں‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے قومی سلامتی مشیروں کے درمیان بنکاک میں ملاقات اور بات چیت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک نے اعتماد سازی کی خلیج کو صرف اور صرف مفاہمتی راہ اختیار کرنے سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار ہند و پاک قومی سلامتی مشیروں کے درمیان بنکاک میں خفیہ ملاقات پر کیا۔

وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی ایک بڑی خلیج ہے جس کو ختم کرنے کیلئے زمین کو ہموار کرنا اور اس کیلئے تیاری کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے دونوں ممالک نے ابتدائی مرحلے پر شروعات کی ہے جس کی مثال قومی سلامتی مشیروں کے درمیان ملاقات اور خارجہ سکریٹریز کے درمیان بات چیت ہے۔ مفتی محمد سعید نے کہا ”میرے خیال سے بھارت اور پاکستان تیاری کررہے ہیں، لیکن میں یہ نہیں کہہ سکتا ہوں کہ کچھ بڑا ہونے والا ہے تاہم عمل کی شروعات ہوئی ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی فضاء قائم ہوگی اور ایک شروعات ہوچکی ہے‘‘۔ مفتی محمد سعید نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے دورہ پاکستان کو ’’ہند و پاک کے درمیان اعتماد سازی کے آغاز‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کافی خلیج ہے جبکہ انہوں نے واضح کیا کہ راتوں رات اگرچہ کوئی یخ پگل نہیں سکتی تاہم مذاکراتی عمل کے لئے میدان ہموار ہوسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 503438

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/503438/سشما-سوراج-کا-دورہ-پاکستان-ہند-پاک-کے-درمیان-اعتماد-سازی-آغاز-مفتی-محمد-سعید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org