0
Sunday 13 Dec 2015 14:56

رینجرز اختیارات، پیپلز پارٹی نے نواز حکومت کیخلاف سیاسی حکمت عملی مرتب کرلی

رینجرز اختیارات، پیپلز پارٹی نے نواز حکومت کیخلاف سیاسی حکمت عملی مرتب کرلی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے نواز لیگ کی وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملے پر مختلف آپشنز استعمال کرنے کا عندیہ دینے کے بعد اپنی سیاسی حکمت عملی مرتب کرلی ہے، اس حکمت عملی میں طے کیا گیا ہے کہ اس معاملے پر وفاق نے ممکنہ طور پر صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے سمیت دیگر آپشنز میں کسی ایک کو بھی کو استعمال کیا، تو پھر وفاقی حکومت کے کسی بھی ممکنہ اقدام کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا، اور اس حوالے سے پارٹی کی قانونی ٹیم فوری طور پر عدالت سے رجوع کرے گی۔ پیپلز پارٹی اس معاملے پر پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا آخری آپشن مرکزی قیادت کی منظوری سے استعمال کرسکتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان اور دیگر کے بیانات کا جائزہ لے رہی ہے، اور ان بیانات پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے، جن میں وفاقی وزیر داخلہ نے مختلف آپشنز استعمال کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ پارٹی قیادت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو ہدایت کی ہے کہ وفاق کی سندھ حکومت کے معاملات میں مداخلت پر پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد لیں، اور اگر ضرورت پڑتی ہے تو پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس بلوایا جائے۔

پیپلز پارٹی کی سیاسی حکمت عملی کے تحت ملک بھر میں نواز لیگ کی وفاقی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور دھرنے بھی دیئے جائیں گے، اس احتجاج میں تحریک انصاف، جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس معاملے پر پارلیمنٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ دبئی میں موجود پارٹی کی قیادت وفاقی حکومت کے پارٹی اور سندھ حکومت کے حوالے سے بیانات اور پالیسیوں کا جائزہ لے رہی ہے، اور مرکزی قیادت کی ہدایت پر ملک میں موجود قیادت وفاقی حکومت کے خلاف آپشن کو استعمال کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 504746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش