QR CodeQR Code

پارا چنار دھماکے کے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کیا جائے، علامہ رمضان توقیر

14 Dec 2015 19:29

اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے کوئی خاص نتائج ابھی تک سامنے نہیں آرہے، آرمی چیف سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب کو ملک کے تمام صوبوں اور حساس اضلاع میں شروع کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ پارا چنار کباڑ بازار میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور صوبائی حکومت اور پارا چنار انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سانحے میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ سانحے میں 26 بے گناہ افراد کی جان چلی گئی اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں، جبکہ حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ پورے ملک بالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے واقعات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ ان واقعات کے پس پردہ محرکات کو بے نقاب کیا جائے۔ کئی دہائیوں سے پاکستان کی عوام دہشت گردی جیسی لعنت کا شکار ہے۔ اس لعنت سے پاکستان کی عوام کو نجات دلائی جائے، آپریشن ضرب عضب کے کوئی خاص نتائج ابھی تک سامنے نہیں آرہے۔ ہم آرمی چیف سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب کو ملک کے تمام صوبوں اور حساس اضلاع میں شروع کیا جائے اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا قلع قمع کیا جائے۔ تاکہ پاکستان میں جو خوف کی فضا ہے، اس سے شہریوں کو نجات دلائی جاسکے، تاکہ عوام سکھ کا سانس لیں سکیں۔ آخر میں انہوں نے شہداء کے لواحقین کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ظالم دہشت گردوں کو اپنے قہر عظیم سے تباہ و برباد کرے، جنہوں نے اپنے ظلم سے بے گناہ معصوم شہریوں کو قتل کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 505055

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/505055/پارا-چنار-دھماکے-کے-پردہ-عناصر-کو-بے-نقاب-کیا-جائے-علامہ-رمضان-توقیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org