0
Tuesday 15 Dec 2015 12:55

رینجرز اختیارات کا معاملہ، پیپلز پارٹی کی قیادت ’’دیکھو اور انتظار کرو‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا

رینجرز اختیارات کا معاملہ، پیپلز پارٹی کی قیادت ’’دیکھو اور انتظار کرو‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کراچی میں رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع کے معاملے پر ’’ دیکھو اور انتظار کرو‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہوگئی ہے، وزیراعظم نواز شریف کے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطے کے باوجود سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات کی قرارداد سندھ اسمبلی میں پیش نہیں کی، کیونکہ سندھ حکومت کو پیپلز پارٹی کی دبئی قیادت کی جانب سے گرین سگنل تاحال موصول نہیں ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پیپلز پارٹی کی پالیسی سے ظاہر ہو رہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے جب تک مربوط انداز میں سندھ حکومت کے تحفظات دور کرنے کیلئے عملی اقدام اٹھانے کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی، تب تک رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع کے معاملے کو التوا میں رکھا جا سکتا ہے، سندھ حکومت کو اپنے تحفظات کے ازالے کیلئے وفاق کے جواب کا انتظار ہے۔ پیپلز پارٹی کی سیاسی حکمت عملی ظاہر کر رہی ہے کہ پی پی قیادت کچھ لو اور کچھ دو کا سیاسی کارڈ استعمال کر رہی ہے۔

پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی کی مرکزی قیادت وفاق کی دھمکیوں اور دیگر آپشنز کے استعمال کا جائزہ لے رہی ہے، اور اب طے کیا گیا ہے کہ حکمراں نواز لیگ کے وزرا اور رہنماؤں کے مخالفانہ بیانات کا سخت سیاسی جواب دیا جائے گا، پیپلز پارٹی کی قیادت نے طے کر لیا ہے کہ اگر وفاق نے رینجرز کے اختیارات کے معاملے کی آڑ میں سندھ میں گورنر راج، ایمرجنسی یا تحفظ پاکستان ایکٹ سمیت کوئی بھی آپشن کے تحت کوئی بھی حکم نامہ جاری کیا، تو عدالت سے رجوع کرنے کے ساتھ عوام سے رجوع کیا جائے گا، اور اہم قومی شاہراہوں پر عوامی دھرنے دیئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے واضح کر دیا ہے کہ وفاق پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کو روکے، اور تمام وفاقی اداروں کو پاپند کیا جائے کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ کی اجازت کے بغیر صوبائی حکومت کے محکموں میں کوئی کارروائی نہ کرے۔ پیپلز پارٹی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر وفاق کا مثبت جواب اور پالیسی سامنے آنے کے بعد تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 505239
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش