QR CodeQR Code

عالمی ایٹمی ایجنسی نے ایرانی جوہری پروگرام کی 12 برس سے جاری تحقیقات ختم کر دیں

16 Dec 2015 01:32

اسلام ٹائمز: ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ائی اے ای اے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کی قرارداد سے ثابت ہوتا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لئے ہے۔" واضح رہے کہ ایران ہمیشہ سے کہتا آیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لئے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے عالمی ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی IAEA نے ایران کی جوہری سرگرمیوں کے بارے میں 12 برس سے جاری تحقیقات کو بند کر دیا ہے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی "آئی اے ای اے" تحقیقات کر رہا تھا کہ آیا ایران کہیں اپنے جوہری پروگرام کی آڑ میں جوہری ہتھیار تو تیار نہیں کر رہا۔ یہ اعلان ایران پر امریکی، یورپی اور اقوام متحدہ کی پابندیاں ہٹائے جانے کا اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران نے جوہری ہتھیار کی تیاری کے لئے 2003ء تک ریسرچ کی تھی اور 2009ء تک بہت محدود پیمانے پر ریسرچ کی تھی، لیکن اس کے بعد سے ایسی کسی ریسرچ کے شواہد نہیں ملے۔
آئی اے ای اے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران نے ماضی میں جوہری بم بنانے کے لئے محدود قدم اٹھائے تھے لیکن یہ کوششیں منصوبہ بندی اور بنیادی اجزا کا جائزہ کرنے سے آگے نہیں بڑھی تھیں۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ائی اے ای اے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کی قرارداد سے ثابت ہوتا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لئے ہے۔" واضح رہے کہ ایران ہمیشہ سے کہتا آیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لئے ہے۔ ویانا میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف عائد اقتصادی پابندیاں جنوری کے وسط تک اٹھائی جا سکتی ہیں۔ ایک بیان میں آئی ای اے کے سربراہ نے کہا کہ ایران اس پر لگی جوہری پابندیوں پر عملدرآمد بہت تیزی سے کر رہا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق جوہری توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے نے ایران کے خلاف جوہری ہتھیار تیار کرنے کے الزام میں جاری تحقیقات ختم کر دیں۔ ایرانی نمائندے نے کہا جوہری معاہدے پر جلد از جلد عمل کرنا چاہتے ہیں۔ آسٹریا میں عالمی ادارے کے اجلاس کے بعد ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے ایران کے خلاف تحقیقات ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا پینتیس رکنی بورڈ نے تحقیقات ختم کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے۔ ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران نے دو ہزار تین سے 2009ء تک ریسرچ کی تھی لیکن اس کے بعد سے ایسی کسی ریسرچ کے شواہد نہیں ملے۔ دوسری جانب ایران کے نمائندے رضا نجفی نے میڈیا کو بتایا جوہری پروگرام پر پابندیوں پر دو سے تین ہفتوں میں عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا ایران چھ عالمی طاقتوں کے ساتھ جولائی میں ہوئے معاہدے پر جلد از جلد عمل کرنا چاہتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 505543

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/505543/عالمی-ایٹمی-ایجنسی-نے-ایرانی-جوہری-پروگرام-کی-12-برس-سے-جاری-تحقیقات-ختم-کر-دیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org