QR CodeQR Code

ڈاکٹر عاصم مزید سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

17 Dec 2015 14:36

اسلام ٹائمز: نیب ڈاکٹر عاصم کے خلاف پانچ ریفرنسز کی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں ڈاکٹر ضیاءالدین ٹرسٹ اسپتال کو کمرشل بنیادوں پر چلانا، منی لانڈرنگ، اختیارات کا ناجائز استعمال، سرکاری جگہ پر تجاوزات اور ڈاکٹر ضیاءالدین اسپتال کے فنڈز میں خوردبرد کے الزامات شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو مزید سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے سات روزہ ریمانڈ ختم ہونے پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق مشیر پیٹرلیم ڈاکٹر عاصم کو احتساب عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت سے 15 روزہ ریمانڈ کیلئے استدعا کی گئی، تاہم عدالت نے ڈاکٹر عاصم کا سات روزہ ریمانڈ دیدیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا، جہاں ان کی بیٹی اور اہلیہ بھی پہلے سے موجود تھیں۔ عدالت میں حاضری کے وقت ڈاکٹر عاصم نے میڈیا نمائندگان کو اپنے پاؤں پر زخموں کے نشانات دکھائے۔ عدالت میں ڈاکٹر عاصم نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے زیادہ اثر والی دوائیں کھلائی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے میری ٹانگوں میں زخم ہوگئے ہیں، چلنے کی کوشش کرتا ہوں، لیکن بیماری کی وجہ سے اکثر گر جاتا ہوں۔ نیب کی جانب سے دائر ایک ریفرنس میں عدالت میں ڈاکٹر عاصم کا سات روزہ ریمانڈ دیدیا ہے۔ واضح رہے کہ نیب ڈاکٹر عاصم کے خلاف پانچ ریفرنسز کی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں ڈاکٹر ضیاءالدین ٹرسٹ اسپتال کو کمرشل بنیادوں پر چلانا، منی لانڈرنگ، اختیارات کا ناجائز استعمال، سرکاری جگہ پر تجاوزات اور ڈاکٹر ضیاءالدین اسپتال کے فنڈز میں خوردبرد کے الزامات شامل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 505867

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/505867/ڈاکٹر-عاصم-مزید-سات-روزہ-جسمانی-ریمانڈ-پر-نیب-کے-حوالے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org