0
Thursday 17 Dec 2015 14:47

ٹڈاپ کرپشن اسکینڈل، یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں توسیع، امین فہیم کا نام خارج

ٹڈاپ کرپشن اسکینڈل، یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں توسیع، امین فہیم کا نام خارج
اسلام ٹائمز۔ وفاقی انسداد بدعنوانی عدالت نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں توسیع کر دی ہے، پیپلز پارٹی کے سابق صدر مخدوم امین فہیم کا نام ان کے انتقال کی وجہ سے خارج کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹڈاپ کرپشن اسکینڈل کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی وفاقی انسداد بدعنوانی عدالت پہنچے، اس موقع پر احاطہ عدالت میں موجود جیالوں نے نعرے بازی شروع کر دی، جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک کو ہدایت کی کہ نعرے بازی بند کرائی جائے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جس نے بھی نعرے بازی کرنی ہے، وہ سڑک پر جا کر کرے۔ عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی 21 میں سے 9 مقدمات میں ضمانت میں توسیع کر دی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے سابق صدر مخدوم امین فہیم کا نام ان کے انتقال کی وجہ سے خارج کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے ٹڈاپ کرپشن اسکینڈل کیس کی سماعت 23 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی سمیت پورے ملک میں امن ہو، اپنے دورِ اقتدار میں بھی اور اس کے بعد بھی ہم نے ہمیشہ دہشتگردوں کیخلاف فوجی آپریشن کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہی سوات، مالاکنڈ اور جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن کیا، اور ہم پر ہی الزام لگا کہ یہ لوگ مذاکرات نہیں کرتے، لیکن دہشتگردی کیخلاف جو ہماری پالیسی تھی، اسی پر تمام دیگر پارٹیاں چل رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوات آپریشن کے دوران 25 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے، اور آپریشن کے بعد 90 روز کے اندر ہی انہیں واپس بھجوا دیا گیا۔ کیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر 21 کیس بنائے گئے، جن میں ایک ہی الزام لگایا گیا ہے، جبکہ دیگر مقدمات چلانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 505872
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش