0
Friday 18 Dec 2015 17:50

سعودی اتحاد بظاہر ایران کو تنہا کرنیکی کوشش ہے، مسلمانوں میں خلفشار پیدا ہوگا، تحریک انصاف

سعودی اتحاد بظاہر ایران کو تنہا کرنیکی کوشش ہے، مسلمانوں میں خلفشار پیدا ہوگا، تحریک انصاف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قوم کو فوری طور پر اس اتحاد کے محرکات سے آگاہ کرے۔ تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغامات میں کہا گیا ہے کہ "34 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ پی ٹی آئی ترجمان نے حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ قوم کو سعودی اتحاد کے قیام کے محرکات سے فوری طور پر آگاہ کرے۔ تحریک انصاف نے امریکا کی جانب سے اس اتحاد کو "سنی اتحاد" قرار دیکر اس کے خیر مقدم پر بھی انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تحریک انصاف کے مطابق اس اتحاد میں ایران کو شامل نہ کرنے سے مسلم ممالک کے مابین خلفشار پیدا ہونے کا خدشہ ہے اور بظاہر یہ اتحاد ایران کو تنہا کرنے کی کوشش دکھائی دے رہا ہے۔ تحریک انصاف نے دہشت گردی کی تمام اقسام سے نمٹنے کے لئے ایران کی اس اتحاد میں شمولیت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ پی ٹی آئی نے سوال اٹھایا کہ جب دفتر خارجہ نے بھی اس فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کیا تھا تو پاکستان کی جانب سے کس نے اس اتحاد میں شمولیت کی یقین دہانی کروائی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے 3 روز قبل یہ اعلان کیا تھا کہ اس نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کے لئے 34 اسلامی ریاستوں پر مشتمل اتحاد قائم کیا ہے، جس میں پاکستان بھی شامل ہے، جبکہ ایران کا نام اس فہرست میں شامل نہیں تھا۔ واضح رہے کہ ابتدا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ سعودی اتحاد میں شامل کرنے کے حوالے سے پاکستان کو پہلے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں پاکستانی دفتر خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے اعلان کردہ 34 ممالک پر مبنی فوجی اتحاد میں باضابطہ شمولیت کی تصدیق کر دی۔ یہ بھی یاد رہے کہ پاکستانی پالیسی میں شامل ہے کہ اقوام متحدہ امن مشن کے علاوہ اس کی فوج ملک سے ہابر تعینات نہیں کی جائے گی۔ اس سے قبل پاکستان امریکا کی جانب سے داعش کے خلاف اتحاد کا حصہ بننے سے دو بار انکار کرچکا ہے۔ داعش کے خلاف جنگ میں امریکا کے مبینہ اتحادی کے طور پر شامل ہونے کے حوالے سے گذشتہ ماہ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ "ہم خطے سے باہر فوج کی شمولیت میں دلچسپی نہیں رکھتے۔"
خبر کا کوڈ : 506082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش