0
Friday 18 Dec 2015 18:47

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے، امین وینس

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع  پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے، امین وینس
اسلام ٹائمز۔ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں 12 ربیع الاول کے حوالہ سے اہلسنت علماء کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ علماء کرام کا کردار ملکی امن و امان برقرار رکھنے اور اتحاد بین المذاہب کے حوالہ سے نہایت اہمیت کا حامل ہے، علماء کرام کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی سے نہ صرف لاہور پولیس شہر میں تمام مذہبی رسومات پُرامن کروانے میں کامیاب رہی ہے بلکہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کروانے میں سب سے زیادہ مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کا دن تمام عالم اسلام کیلئے جہاں جشن منانے کا دن ہے وہیں پر یہ دن ہمیں حضرت محمد ﷺ کے نقش قدم پر چلنے کا درس بھی دیتا ہے، حضرت محمد ﷺ نے واضح درس دیا ہے کہ ہر مذہب یا عقائد کا احترام کیا جائے اور اپنی ذات میں صبر اور تحمل پیدا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس ربیع الاول کے مہینے خاص طور پر 12 ربیع الاول کو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے گی اور علماء کرام سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ اتحاد بین المسلمین پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں۔

اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدرا شرف، ایس ایس پی وی وی آئی سکیورٹی اطہر اسماعیل، جامعہ نعیمیہ کے سربراہ مولانا راغب حسین نعیمی، وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے اتحاد بین المذاہب مفتی انتخاب احمد، مولانا محمد عثمان نوری، مولانا جاوید اکبر ساقی، الحاج محمد اشفاق قادری، محمد ظہیر بٹ، ملک آفتاب ربانی، کرنل (ر) خاور ہارون، شاہد حسین گردیزی، محمد ارشاد طاہر، مختار اشرف رضوی، مفتی عمران، مولانا محمد علی نقشبندی، مولانا مجاہد عبدالرسول، مولانا آصف، قاری عبدالغفار، قاری لیاقت، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، ملک امجد علی اور مولانا شفیق قادری سمیت دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر علما نے لاہور پولیس کیساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
خبر کا کوڈ : 506091
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش