0
Saturday 19 Dec 2015 21:23

شیخ ابراہیم زکزکی کی گرفتاری کیخلاف آئی ایس او کی کراچی میں عظیم الشان احتجاجی ریلی

شیخ ابراہیم زکزکی کی گرفتاری کیخلاف آئی ایس او کی کراچی میں عظیم الشان احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے جانب سے نائیجیریا میں شیخ ابراہیم زکزکی کی گرفتاری اور مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف حمایت مظلومین احتجاجی ریلی کا انعقاد نمائش چورنگی تا کراچی پریس کلب تک کیا گیا۔ جس میں خواتین اور بچوں سمیت شرکاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے اپنے ہاتھوں میں شیخ ابراہیم زکزکی کی تصویریں، بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جس میں نائیجیرین حکومت کے خلاف اور آزادی القدس کے حق میں نعرے درج تھے۔ شرکائے ریلی نے امریکہ اور اسرائیل کا پرچم بھی نذر آتش کیا۔ ریلی کے شرکاء سے کراچی پریس کلب پر رکن مرکزی نظارت آئی ایس او پاکستان مولانا احمد اقبال رضوی، رہنماء مجلس وحدت مسلمین مولانا علی انور جعفری، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک مولانا مرزا یوسف حسین، چیئرمین ذاکرین امامیہ علامہ نثار احمد قلندری، ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ کے جنرل سیکریٹری مولانا باقر زیدی، معروف عالم دین علامہ صادق تقوی و دیگر نے شرکاء ریلی سے خطاب کیا۔

شرکائے ریلی سے اپنے خطاب میں مولانا احمد اقبال رضوی نے آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نائیجیریا میں شیخ ابراہیم زکزکی نے ترویج اسلام میں اہم کردار ادا کیا۔ شیخ ابراہیم زکزکی کو نائیجیریا میں تحریک آزادی القدس کی آواز بلند کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ امریکہ و اسرائیل کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے حکومت نائیجیریا ریاستی دہشتگردی پر اتر آئی ہے۔ شیخ ابراہیم زکزکی کے گھر پر نائجیرین فوج کے حملے میں سیکڑوں افراد کی شہادت اس بات کی واضح دلیل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ و انسانی حقوق کی تنظیمیں نائجیریا کی صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے نائجیریا کے شہر زاریا کا محاصرہ ختم کروائے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء مولانا علی انور جعفری کا کہنا تھا کہ نائیجیریا میں ہونے والے قتل عام پر اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، نائیجیریا میں جاری قتل عام کی تحقیقات کے لئے عالمی سطح کا تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا جائے، انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ نائیجیریا میں جاری ریاستی دہشت گردی کو پاکستان وزارت خارجہ کی جانب سے سفارتی سطح پر اٹھایا جائے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب میں مولانا مرزا یوسف حسین کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں اسلامی تحریکیں جنم لے رہی ہیں، امریکی سازشیں ناکام ہورہی ہے اور مسلمان بیدار ہو رہے ہیں، افریقہ میں یہ تمام سازشیں داعش اور بوکوحرام کو مضبوط کرنے کے لئے ہورہی ہیں، نیشنل ایکشن پلان میں دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کاروائی کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، اسلام آباد میں موجود داعش کے حامی کو گرفتار کیا جائے۔ شرکائے ریلی سے مولانا باقر زیدی، علامہ نثار احمد قلندری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ریلی کے اختتام پر آئی ایس او کراچی ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری سید علی زیدی نے قرارداد پیش کی جس میں اسلامک موومنٹ کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی اور ان کے ہزاروں لاپتہ کارکنوں کی رہائی، اقوام متحدہ سے نائجیریا میں نمائندہ مشن بھیجنے اور وفاقی حکومت سے پارہ چنار بم دھماکے کا مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی ساتھ حکومتِ پاکستان سے سعودی اتحاد سے دستبردار ہونے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 506316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش