0
Saturday 19 Dec 2015 22:09

پورا نظام کرپشن زدہ ہو گیا ہے، کرپشن کے کینسر نے قومی و سرکاری اداروں کو کھوکھلا کر دیا ہے، لیاقت بلوچ

پورا نظام کرپشن زدہ ہو گیا ہے، کرپشن کے کینسر نے قومی و سرکاری اداروں کو کھوکھلا کر دیا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر اور سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی قیادت میں آج تحریک انصاف کے وفد نے منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد سے ملاقات کی۔ وفد میں تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر میاں محمود الرشید بھی شریک تھے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مجموعی ملکی صورتحال پر غور کیا گیا۔ چوہدری محمد سرور نے این اے 154 لودھراں سے تحریک انصاف کے امیدوار جہانگیر ترین کیلئے جماعت اسلامی سے حمایت کی درخواست کی۔ جس پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ ضلع لودھراں سے تحریک انصاف کی قیادت اور خود جہانگیر ترین کو ہمارے مقامی رہنمائوں ڈاکٹر سید وسیم اختر اور ضلعی امیر سے رابطہ کرنا چاہئے۔ ملاقات کے بعد دونوں رہنمائوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا تین نکات پر اتفا ق ہوا ہے، دونوں جماعتیں مضبوط بنیادوں پر اپوزیشن کے اتحاد کیلئے کوشاں رہیں گی تا کہ حکومت کو من مانی کرنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام میں اصلاحات کی فوری ضرورت ہے، پارلیما نی کمیٹی کی سفارشات کے باوجود انتخابی نظام میں بہتری کی طرف کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی، الیکشن کمیشن بے اختیار ہے جس کی وجہ سے عوام کا جمہوریت اور انتخابی عمل پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام کو جمہوری عمل بنایا جائے اور شخصیات کی دست برد سے پاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی متناسب نمائندگی کے طریقہ انتخاب پر متفق ہیں اور ہم دیگر سیاسی و دینی جماعتوں کو بھی اس بارے میں اعتماد میں لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ وفاقی اور سندھ حکومت کے حکمران اندرونی طور پر کرپشن اور دہشت گردی کو برقرار رکھنے پر متفق ہوچکے ہیں ۔چوری کرنے والے سینہ زوری بھی کررہے ہیں اور کرپشن کے خاتمہ کی بجائے ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دے رہے ہیں ۔کرپشن قومی معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ پورا نظام کرپشن زدہ ہوگیا ہے اور کرپشن کے کینسر نے قومی و سرکاری اداروں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں ملک سے کرپشن کے خاتمہ پر متفق ہیں۔ میڈیا کے ایک سوال پر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کی مقامی اور ضلعی قیادت کے پاس بھی جائیں گے۔ ہم جماعت اسلامی کی طرف سے حمایت پر لیاقت بلوچ اور میاں مقصود احمد کے شکر گزار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 506325
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش