QR CodeQR Code

شیعہ علماء کونسل کی جانب سے ڈیرہ انتظامیہ و معززین شہر کے اعزاز میں استقبالیہ

20 Dec 2015 16:32

اسلام ٹائمز: استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر نے کہا ہے کہ ہم نے قیام امن کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کیا، عشرہ محرم اور چہلم کے موقع پر دیگر مکاتب کا تعاون لائق تحسین و ستائش ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کمشنر ڈیرہ ڈویژن ذاکر حسین آفریدی نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسما عیل خان میں تمام مکاتب فکر کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء کی بدولت ہی اس شہر میں امن کا قیام ممکن ہوا۔ عوامی سطح پر ہم آہنگی سے شہروں کی رونقیں بحال ہوتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی جانب سے ڈیرہ انتظامیہ اور معززین شہر کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ استقبالیہ میں اہل سنت، اہل تشیع کے اکابرین، تاجر رہنماؤں، سیاسی شخصیات، منتخب یونین کونسل ناظمین، اور ڈیرہ امن جرگہ کے ممبران کی بڑی تعداد کے علاوہ سابق صوبائی وزیر مخدوم زادہ سید مرید کاظم شاہ، تحصیل ناظم ڈیرہ سردار عمر امین خان گنڈہ پور، نائب ناظم ریحان خان مروت بھی موجود تھے۔ کمشنر ڈیرہ ڈویژن نے کہا کہ محرم الحرام اور چہلم امام عالی مقام کے موقع پر ڈیرہ اسما عیل خان میں امن کا قیام یہاں کے مقامی باشندوں کے درمیان پنپنے والی محبت اور یگانگت کی عکاسی کرتا ہے، اس شہر کے باسیوں کے درمیان محبت اور یگانگت کی فضا میں جتنی مضبوطی آئے گی یہاں امن کو اتنا ہی فروغ حاصل اور آنے والے دنوں میں ڈیرہ اسما عیل خان مزید امن اور خوشحالی کا مرکز بنے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ڈیرہ عبدالغفور آفریدی نے کہا کہ شہر کے مکاتب فکر کا اتحاد ہی شہر کی ترقی اور عوامی خوشحالی کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا کام اپنے فرائض منصبی کو ادا کرنا ہے، مگر جب شہر کے باسی متحد ہو جائیں، تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی حالات کی بہتری میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے استقبالیہ تقریب کے انعقاد پر تحریک اسلامی کے رہنماء علامہ رمضان توقیر اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں شیعہ علماء کونسل کے رہنما، تحریک اسلامی کے مرکزی نائب صدر علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قیام امن کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم اور چہلم امام عالی مقام کے موقع پر اہل تشیع کے ساتھ اہل سنت و الجماعت کے اکابرین نے جتنا تعاون کیا، وہ لائق تحسین ہے۔ اس موقع پر معروف عالم دین مولانا قاری خلیل احمد سراج نے ملک کی ترقی، اسلام کی سربلندی اور شہر کی خوشحالی کے لیئے خصوصی دعا کی۔


خبر کا کوڈ: 506528

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/506528/شیعہ-علماء-کونسل-کی-جانب-سے-ڈیرہ-انتظامیہ-معززین-شہر-کے-اعزاز-میں-استقبالیہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org