0
Monday 21 Dec 2015 19:44

ڈاکٹر عاصم کیس میں انصاف کیا جائے ورنہ اشتعال بڑھے گا، مشیر اطلاعات سندھ

ڈاکٹر عاصم کیس میں انصاف کیا جائے ورنہ اشتعال بڑھے گا، مشیر اطلاعات سندھ
اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کے کیس میں عدالتی فیصلے پر دکھ اور مایوسی ہوئی، لہٰذا کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں، ورنہ اس طرح کے فیصلوں سے اشتعال بڑھ گا، جبکہ سندھ حکومت کیس میں مداخلت کرتی، تو آج نتائج کچھ اور نکلتے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کیس میں بہت غلطیاں ہیں، ان کا جائزہ لینا چاہیے، ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے، لیکن آج کے فیصلے سے مایوسی ہوئی، کیونکہ انصاف میں کمی رہ جائے گی تو دکھ ہوا، اس لئے کیس میں انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں، اور انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں جس طرح ایک آدمی کو پکڑ کر کارروائی کی گئی، اس سے پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کیس میں فیصلے کو چیلنج کرنے کا اختیار ان کے اہل خانہ کے پاس ہے، تاہم اس جیسے فیصلوں سے اشتعال بڑھے گا، کیونکہ کچھ لوگوں نے رینجرز اختیارات کے معاملے پر بھی اشتعال کا ماحول بنا رکھا ہے، اور اس طرح کے فیصلے سے مزید اشتعال ہوگا۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ حکومت کسی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہیں کر رہی، اور نہ ہی کسی ادارے کے کام میں مداخلت کر رہے ہیں، اگر ڈاکٹر عاصم کے کیس میں مداخلت کرتے، تو آج اس کے نتائج کچھ اور نکلتے، لہٰذا جو معاملات چلانا چاہتے ہیں، وہ چیزوں کو ٹھنڈا کرتے ہیں، اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ معاملات بہتر کی طرف جائیں۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم آصف زرداری کے دوست ہیں، لیکن وہ پیپلز پارٹی کے دور میں سینیٹر اور وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں، جبکہ ہم اگر ان کیلئے انصاف مانگ رہے ہیں، اور اس کیلئے ان کی مدد کر رہے ہیں، تو کیا گناہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں رینجرز اور پولیس کی کارروائیوں پر فخر ہے، اس کے نتیجے میں امن و امان بہتر ہوا ہے، رینجرز قانون کے تحت چلنے والا ادارہ ہے، اس سے کسی بے قانونی کی توقع نہیں، وہ صوبے میں وزیراعلیٰ کے ماتحت کام کر رہے ہیں، اور وزیراعلیٰ ان کے کپتان ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کچھ لوگ شک کا ماحول پیدا کر رہے ہیں، تاکہ ماحول خراب ہوں، کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ جمہوری عمل میں ان کا کوئی حصہ نہیں، جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت کی گاڑی چلتی رہے، کیونکہ آصف زرداری نے جمہوریت کو تسلسل دے کر کمال کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں کوئی نہیں جانتا، وہ آج کل سرگرم ہو چکے ہیں، گرینڈ الائنس کے نام پر گرنیڈ الائنس بنایا جا رہا ہے، اس الائنس میں صرف ایک جماعت ایسی ہے، جس کی تھوڑی بہت نمائندگی ہے، جبکہ باقی لوگ بے گانے کی شادی میں عبداللہ دیوانہ بنے ہوئے ہیں۔ ان کہنا تھا کہ کیا مشرف کا بلدیاتی نظام آئیڈیل تھا، یا پھر ارباب رحیم اور لیاقت جتوئی کا دور سنہرا دور تھا، جو یہ لوگ الائنس بنا رہے ہیں۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پہلے بھی سندھ میں الائنس بنوائے، انہوں نے کیا کرلیا، جو یہ الائنس کرے گا، نواز شریف نے مصنوعی لوگ پیدا کئے، جنہیں عوام کا اعتماد حاصل نہیں تھا، جبکہ ہم صرف عوام کے پاس جاتے ہیں، غلطی پر معافی مانگتے ہیں، جس پر عوام ہمیں دوبارہ تاج پہنا کر بٹھاتے ہیں۔ سندھ حکومت میں کرپشن کے سوال پر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ حکومت میں کوئی ایک آدمی نہیں بہت سے لوگ ہیں، اس لئے حکومت کو کرپٹ نہیں کہہ سکتے، لیکن جن لوگوں کی نس نس میں کرپشن سما چکی ہے، ان کا کیا کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 506818
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش