QR CodeQR Code

ملک میں داعش کے منظم نیٹ ورک کی موجودگی کے انکشاف پر تشویش ہے، سید مہدی عابدی

21 Dec 2015 23:20

اسلام ٹائمز: وحدت ہاؤس کراچی سے جاری بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ ریاست کے خلاف متحرک مسلح گروہوں کا خاتمہ ہی کافی نہیں بلکہ ان سہولت کاروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کرنی بھی ضروری ہے جو ان عناصر کو فکری و مالی سپورٹ کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید مہدی عابدی نے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کراچی کی طرف سے ملک میں داعش کے منظم نیٹ ورک کی موجودگی کے انکشاف پر تشویش و شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردوں کی بیخ کنی ملکی سلامتی کے اداروں کے لیے چیلنج بنتی جا رہی ہے، حکومتی ذمہ داران کا پاکستان میں داعش کی موجودگی سے انکار سیاسی مصلحت اور بیرونی دباو کا نتیجہ دکھائی دیتا ہے، دہشت گردی کا پرچار کرنے والے مدارس کے منتظمین کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروئی سے معذوری ظاہر کرنا حکومتی رٹ کی کمزوری ظاہر کرتی ہے۔ وحدت ہاؤس کراچی سے جاری بیان میں مہدی عابدی نے کہا کہ پاکستان میں ایک لاکھ سے زائد افراد دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، حکومت کی طرف سے دہشت گردوں کی گرفتاری میں پس و پیش شہدا کے خاندانوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، وفاقی وزیر داخلہ ان تمام مدارس کے کوائف منظر عام پر لائیں جو بیرونی امداد کے بل بوتے پر اپنی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، ملک میں موجود کالعدم مذہبی جماعتوں کے مضبوط نیٹ ورک ابھی تک فعال ہیں۔

مہدی عابدی کا مزید کہنا تھا کہ ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے دائرہ کار کو جب تک وسعت نہیں جاتی تب تک یہ آنکھ مچولی کا سلسلہ ختم ہوتا نہیں دکھائی دیتا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی جیسے بڑے شہر میں ان مذموم عناصر کی موجودگی ہمارے تشخص پر بدنما اثرات مرتب کررہی ہے، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے امیج کو بحال کرنے کے لیے دہشت گردی کے عفریت سے جلد از جلد چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا، اس کے لیے ریاست کے خلاف متحرک مسلح گروہوں کا خاتمہ ہی کافی نہیں بلکہ ان سہولت کاروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کرنی بھی ضروری ہے جو ان عناصر کو فکری و مالی سپورٹ کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 506873

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/506873/ملک-میں-داعش-کے-منظم-نیٹ-ورک-کی-موجودگی-انکشاف-پر-تشویش-ہے-سید-مہدی-عابدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org