QR CodeQR Code

الطاف حسین، نامزد میئر کراچی سمیت 25 متحدہ رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

22 Dec 2015 16:35

اسلام ٹائمز: انسداد دہشتگردی عدالت میں متحدہ رہنما رؤف صدیقی کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر اور اسکی معاونت کے الزامات کے تحت 23 مقدمات کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے 9 مقدمات کا چالان پیش کیا، جس میں الطاف حسین، نامزد میئر کراچی وسیم اختر، سمیت 25 پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو مفرور قرار دیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے رؤف صدیقی کے خلاف 9 مقدمات میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین، نامزد میئر کراچی وسیم اختر سمیت پارٹی کے 25 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے متحدہ رہنما رؤف صدیقی کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور اس کی معاونت کے الزامات کے تحت 23 مقدمات کی سماعت کی، سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے 9 مقدمات کا چالان پیش کیا، جس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، ڈاکٹر فاروق ستار، نامزد میئر کراچی وسیم اختر، قمر منصور، رشید گوڈیل، خوش بخت شجاعت اور خالد مقبول صدیقی سمیت پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو مفرور قرار دیا گیا، مقدمات میں 4 خواتین رہنما بھی نامزد ہیں، جو ایم کیو ایم قائد کی تقریروں کیلئے پارٹی جلسوں کا انعقاد کرتے تھے، مقدمات میں دہشتگری کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ ایم کیو ایم قائد پر اپنی تقاریر میں قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیانات میں عوام کو اکسانے کے اور دیگر سنگین الزامات عائد ہیں۔ واضح رہے کہ رؤف صدیقی کے خلاف شہر بھر کے مختلف تھانوں میں اشتعال انگیز تقاریر اور اس کی معاونت کے الزام میں 23 مقدمات درج ہیں، اور انہوں نے ان تمام مقدمات میں عبوری ضمانت لے رکھی ہے۔


خبر کا کوڈ: 507052

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/507052/الطاف-حسین-نامزد-میئر-کراچی-سمیت-25-متحدہ-رہنماؤں-کے-ناقابل-ضمانت-وارنٹ-گرفتاری-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org