QR CodeQR Code

رینجرز اختیارات پر وفاق کا فیصلہ ماورائے آئین قرار، وزیراعلیٰ سندھ وزیراعظم کو خط لکھیں گے

24 Dec 2015 12:28

اسلام ٹائمز: کراچی میں سندھ کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں رینجرز اختیارات سے متعلق وفاقی وزارت داخلہ کے اقدام پر غور، اور سندھ اسمبلی کی قرارداد سے ہٹ کر وفاق کے اس اقدام کو قبول نہ کرنے پر بھی غور کیا گیا، سندھ حکومت نے رینجرز اختیارات کے معاملے کو حکومتی فورم پر حل کرنے پر بھی غور کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرِ صدارت سندھ کابینہ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وفاق کی جانب سے رینجرز اختیارات میں توسیع کو ماورائے آئین فیصلہ قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ اس موقع پر سندھ اور خصوصاً کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں رینجرز اختیارات سے متعلق وفاقی وزارت داخلہ کے اقدام پر غور، اور سندھ اسمبلی کی قرارداد سے ہٹ کر وفاقی وزارت داخلہ کے اس اقدام کو قبول نہ کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ سندھ حکومت نے رینجرز اختیارات کے معاملے کو حکومتی فورم پر حل کرنے پر بھی غور کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رینجرز اختیارات کے معاملے پر وفاق کا فیصلہ ماورائے آئین ہے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے بات کریں گے، جبکہ جلد ہی وزیراعظم کو خط کے ذریعے بھی معاملات سے آگاہ کیا جائے گا۔ سندھ کابینہ کے اجلاس میں صوبائی اسمبلی کی قرارداد پر وفاق کے خلاف فی الحال عدالتوں سے رجوع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو رینجرز اختیارات سے متعلق سمری صوبائی اسمبلی کی قرارداد کے ساتھ بھیجی گئی تھی، تاہم وزارت داخلہ نے سمری کو مسترد کرتے ہوئے رینجرز کے تمام خصوصی اختیارات 60 روز کیلئے بحال کر دیئے۔


خبر کا کوڈ: 507560

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/507560/رینجرز-اختیارات-پر-وفاق-کا-فیصلہ-ماورائے-ا-ئین-قرار-وزیراعلی-سندھ-وزیراعظم-کو-خط-لکھیں-گے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org