QR CodeQR Code

امریکہ عالمی قوانین اور ضابطوں کے تحت اپنے وعدوں کی پاسدار ی کرے، محمد جواد ظریف

24 Dec 2015 15:30

اسلام ٹائمز: تہران میں منگولیا کے ہم منصب کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکی کانگریس اور اسکے قوانین سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین اور ضابطوں نیز بین الحکومتی رابطوں کے حوالے سے امریکی حکومت کی ذمہ داریاں پوری طرح واضح ہیں اور اسے اپنی اندرونی مشکلات کو اپنے طور پر حل کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکہ کی جانب سے عالمی قوانین اور ضابطوں کے تحت اپنے وعدوں کی پاسدار ی پر زور دیا ہے۔ تہران میں منگولیا کے وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی تعلقات کا قاعدہ یہ ہے کہ حکومت امریکہ اپنی مشکلات کو خود حل کرے۔ ان کا اشارہ امریکی کانگریس میں منظور ہونے والے ایران مخالف بل کی جانب تھا، جس کے بارے میں واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ یہ بل ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری کے خط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امریکی کانگریس اور اس کے قوانین سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین اور ضابطوں نیز بین الحکومتی رابطوں کے حوالے سے امریکی حکومت کی ذمہ داریاں پوری طرح واضح ہیں اور اسے اپنی اندرونی مشکلات کو اپنے طور پر حل کرنا ہوگا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اندرونی فیصلے کسی بھی حکومت کو عالمی معاہدوں پر عملدرآمد سے باز نہیں رکھ سکتے، نہ انہیں ختم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا خط قابل غور ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی وزارت خارجہ نے باضابطہ طور پر اس بات کا اعلان کیا ہے کہ وہ کانگریس کے نئے قانون کو جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 507688

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/507688/امریکہ-عالمی-قوانین-اور-ضابطوں-کے-تحت-اپنے-وعدوں-کی-پاسدار-ی-کرے-محمد-جواد-ظریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org