0
Friday 25 Dec 2015 00:06

ڈی آئی خان، جشن عید میلادالنبی (ص) کے تمام جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر

ڈی آئی خان، جشن عید میلادالنبی (ص) کے تمام جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں جشن عید میلادالنبی (ص) کے سلسلے میں نکالے گئے 15 جلوس بخیر و خیریت اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر پاک فوج اور پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ جشن عید میلادالنبی (ص) کے سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان سٹی میں دو مرکزی جلوس نکالے گئے۔ پہلا جلوس حقنواز پارک سے دیوبند مسلک کے زیراہتمام نکالا گیا، جو توپانوالہ بازار سے ہوتا ہوا میدان حافظ جمال پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جبکہ دوسرا جلوس تاج مسجد سے بریلوی مسلک کے زیراہتمام نکالا گیا، جو حقنواز پارک سے ہوتا ہوا لیاقت پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوسوں کے دوران شرکاء نعت خوانی، درود و سلام پیش کرتے رہے۔ اسی طرح پہاڑپور، ڈھکی، کوٹجائی، ڈھلہ، جھوک عمرے والی، سیدو والی، کڑی خیسور، ریتڑی، پنیالہ، یارک، گلوٹی، پروآ، رمک اور چودھوان میں بھی جلوس نکالے گئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کو پولیس نے پانچ سیکٹرز میں تقسیم کر دیا تھا۔ پولیس کے 3596 جوان بیک وقت اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیتے رہے۔ راستوں کو خاردار تاریں لگا کر سیل کیا گیا تھا، تاہم جلوسوں کے اپنے رضاکار بھی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔ ڈی پی او ربنواز خان جلوس کے ہمراہ پیدل بھی موجود رہے اور سیکورٹی کے تمام انتظامات کی نگرانی کرتے ہوئے مختلف مواقعوں پر پولیس اہلکاروں کو ہدایات بھی دیتے رہے۔ پاک فوج کے جوانوں نے بھی مختلف راستوں پر ناکے لگا کر سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔
خبر کا کوڈ : 507740
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش