QR CodeQR Code

مودی کی لاہور آمد، پی ٹی آئی کا خیر مقدم، گانگریس کا اظہار تشویش

25 Dec 2015 18:40

اسلام ٹائمز: بھارتی وزیراعظم کی لاہور آمد پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ مودی کے دورے سے پاک بھارت تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہونگے، ہم نے بھی بھارتی وزیراعظم کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ امن کے لئے پاک بھارت تعلقات میں بہتری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے دورے سے پاک بھارت تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ عمران خان نے کہا کہ دورہ بھارت پر ہم نے بھی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار قیام امن کے لئے دونوں ملکوں میں بہتر تعلقات ناگزیر ہیں۔ دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان اور وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کو بھارتی حکمران جماعت کی جانب سے سراہا گیاہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکمران جماعت بی جے پی کی جانب سے نریندر مودی کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا گیا ہے اور دورہ کو انتہائی خوش آئند قرار دیا ہے جبکہ کانگرنس نے مودی کے اچانک دورہ پاکستان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کانگرنس کا کہنا ہے کہ مودی کی لاہور میں پیرا ڈراپنگ سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ کسی بھی بھارتی وزیراعظم کا پاکستان کا 11 سال بعد پہلا دورہ ہے۔ بھارتی وزیراعظم کے دورہ کو تجزیہ نگاروں کی جانب سے انتہائی خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 507876

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/507876/مودی-کی-لاہور-ا-مد-پی-ٹی-ا-ئی-کا-خیر-مقدم-گانگریس-اظہار-تشویش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org