QR CodeQR Code

آج عالمی ادارے پاکستان کی معیشت میں بہتری کے معترف ہیں، اسحاق ڈار

26 Dec 2015 15:45

اسلام ٹائمز: لاہور میں انکم ٹیکس افسران سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک اسٹیٹس کو سے نہیں چل سکتا ہے، موجودہ حکومت سے پہلے پاکستان کو دیوالیہ قرار دینے کی تیاریاں ہو چکی تھیں، گزشتہ حکومت کے لیے گئے قرضے ہم نے ادا کیے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لاہور میں سرکاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے لیے گئے قرضے ہم نے ادا کیے، لیکن شکایت نہیں کی اور 2600 ملین ڈالرکی بجائے 1300 ملین ڈالر ادھار لےکرملک چلا رہے ہیں۔ لاہور میں انکم ٹیکس افسران سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک اسٹیٹس کو سے نہیں چل سکتا ہے، موجودہ حکومت سے پہلے پاکستان کو دیوالیہ قرار دینے کی تیاریاں ہو چکی تھیں، گزشتہ حکومت کے لیے گئے قرضے ہم نے ادا کیے، لیکن شکایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ عالمی سرمایہ کاروں نے پاکستان آنا بند کر دیا تھا، لیکن آج عالمی ادارے پاکستان کی معیشت میں بہتری کے معترف ہیں، حکومت سنبھالتے ہی معاشی مسائل کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے، معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے ابھی بہت کام کرنا ہے اور پاکستان نے جو پچھلے 16،15 سال میں کھویا ہمیں وہ حاصل کرنا ہے۔ اسحاق ڈار کا بجلی بحران کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہم توانائی بحران کو حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، ہم اس وقت 10 ہزار 600 میگا واٹ کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کی ریٹنگ منفی سے بھی نیچے جا چکی تھی۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کو ڈیمز کی ضرورت ہے، جس کے پیش نظر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دیامربھاشا ڈیم بنایا جائے، جب کہ توانائی کے منصوبے 2018 تک مکمل ہو جائیں گے۔

بلوچستان میں قیام امن کے حوالے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بہت سی جگہوں پر پاکستان کا جھنڈا نہیں لہرایا جاتا تھا، آج بلوچستان میں قومی ترانے گائے جا رہے ہیں، پاکستانی جھنڈے لہرا رہے ہیں، جو کہ خوش آئند ہیں، بلوچستان میں کارفرما بیرونی ہاتھ کو روکا، بلوچستان میں نہ صرف امن قائم ہوا، بلکہ علیحدگی کی تحریکیں دم توڑ چکی ہیں، عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے 38 فیصد خاندانوں کو واپس بھجوایا جا چکا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ 2050 تک پاکستان کو اٹھاویں بڑی معاشی قوت بنانا ہمارا ہدف ہے۔ دوسری جانب انہوں ے خطاب میں کہا کہ امن کیلیے اورشدت پسندی کے خاتمے کیلیےفوج نے قربانیاں دیں،دہشت گردی کیخلاف غیر ملکی فنڈنگ پربھی قابو پایا ہے، جب کہ شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے، جب کہ حکومت فاٹا کے معاملات کو مذاکرات سےحل کرنا چاہتی تھی۔


خبر کا کوڈ: 508059

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/508059/آج-عالمی-ادارے-پاکستان-کی-معیشت-میں-بہتری-کے-معترف-ہیں-اسحاق-ڈار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org