0
Saturday 26 Dec 2015 18:08

پاکستان میں انتہاپسندوں كا ایجنڈا داعش، الشباب اور بوكوحرام سے مختلف نہیں، آصف زرداری

پاکستان میں انتہاپسندوں كا ایجنڈا داعش، الشباب اور بوكوحرام سے مختلف نہیں، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی انتہاپسندوں كو مذہب كے نام پر اس ملک كو تباہ كرنے كی ہر گز اجازت نہیں دے گی۔ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا کہ ملک میں آئین اور جمہوریت کے لئے جدو جہد کرنے كے وژن پر بے نظیر بھٹو كو خراجِ عقیدت پیش كرتے ہیں، ان تمام لوگوں كو بھی سلام پیش كرتے ہیں، جنہوں نے جمہوری اقدار كی سربلندی كے لئے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش كیا۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ہم اس عزم كا اعادہ كرتے ہیں كہ آئینی اصولوں كو پامال نہیں ہونے دیں گے، اور نہ ہی انتہاپسندوں كو مذہب كے نام پر اس ملک كو تباہ كرنے كی اجازت دیں گے، اس آمرانہ ذہنیت كی بھی مذمت كرتے ہیں، جس كے تحت امن و امان كے نام پر اور تمام آئینی اصولوں كے خلاف سندھ پر وفاق نے چڑھائی كر دی ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ عسكریت پسندی اور انتہاپسندی كے ان علمبرداروں كی بھی مذمت كرتے ہیں، جو مذہب كے نام پر ریاست پر قبضہ كركے اپنی خود ساختہ خلافت قائم كرنا چاہتے ہیں، پاکستان میں انتہاپسندوں كا ایجنڈا عراق اور شام میں داعش، كینیا میں الشباب اور نائجیریا میں بوكوحرام سے مختلف نہیں ہے، واضح كرنا چاہتے ہیں كہ عسكریت پسندوں كو ان كے عزائم میں كامیاب نہیں ہونے دے گے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ آج ہم ان شہیدوں كو یاد كرتے ہیں، جنہوں نے جمہوریت، آئین اور قانون كی حكمرانی اور دہشتگردی كے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش كیا، شہیدوں كی قربانیوں ہی كی وجہ سے دہشتگرد اپنے منصوبوں میں كامیاب نہیں ہو سكے، ان لوگوں كو بھی خراجِ عقیدت پیش كرتے ہیں، جنہوں نے ڈكٹیٹرشپ سے لڑتے ہوئے جلاوطنی اختیار كی، پابندِ سلاسل ہوئے اور پھانسیوں كے پھندے پر چڑھ گئے۔
خبر کا کوڈ : 508112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش