QR CodeQR Code

بنگلہ دیشی پراسیکیوٹر کا بیان بے بنیاد، گمراہ کن اور مضحکہ خیز ہے، عبدالغفار عزیز

27 Dec 2015 19:28

اسلام ٹائمز: منصورہ سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے اُمور خارجہ کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی ذمہ داران کا بیان عقل و خرد سے عاری ہے اور بیان واضح کر رہا ہے کہ حسینہ حکومت کا قائم کردہ نام نہاد ٹربیونل کس حد تک جھوٹے اور بے سروپا الزامات عائد کر سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر اُمور خارجہ عبدالغفار عزیز نے بنگلہ دیشی پراسیکیوٹر زیاد العلوم کے اس بیان کو بے بنیاد، گمراہ کن اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان نے بنگلہ دیشی رہنما ابوالکلام آزاد کو یورپ میں پناہ دے رکھی ہے۔ مرکز جماعت منصورہ سے جاری کردہ ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی ذمہ داران کا بیان عقل و خرد سے عاری ہے اور بیان واضح کر رہا ہے کہ حسینہ حکومت کا قائم کردہ نام نہاد ٹربیونل کس حد تک جھوٹے اور بے سروپا الزامات عائد کر سکتا ہے۔

ڈائریکٹر اُمور خارجہ نے کہا کہ بنگلہ دیشی پراسیکیوٹر کے بقول اگر ابوالکلام آزاد یورپی ممالک کے مابین مسلسل سفر کر رہے تھے تو اس کے نام نہاد عالمی ٹربیونل نے عالمی برادری کے تعاون سے ان کے خلاف اس وقت کیوں کوئی قانونی کاروائی نہیں کی؟ عبدالغفار عزیز نے مزید کہا کہ اگرچہ بنگلہ دیشی رہنما ابوالکلام آزاد کا جماعت اسلامی بنگلہ دیش سے بھی کوئی تعلق نہیں لیکن برادر ملک کے ایک معروف عالم دین اور ایک انسان ہونے کے ناطے ان کے بارے میں حالیہ سرکاری بیان نے انتہائی تشویش ناک سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ کیا یہ تو نہیں کہ حسینہ حکومت اپنے لاتعداد سیاسی مخالفین کی طرح انہیں بھی خفیہ طور پر موت کے گھاٹ اتار چکی ہے اور اب اس جرم کی پردہ پوشی کے لیے یہ بے سروپا الزامات عائد کر رہی ہے؟


خبر کا کوڈ: 508424

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/508424/بنگلہ-دیشی-پراسیکیوٹر-کا-بیان-بے-بنیاد-گمراہ-کن-اور-مضحکہ-خیز-ہے-عبدالغفار-عزیز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org