0
Sunday 27 Dec 2015 20:08

جماعت اسلامی نے جنوری میں کرپشن کیخلاف تحریک شروع کرنیکا اعلان کر دیا

جماعت اسلامی نے جنوری میں کرپشن کیخلاف تحریک شروع کرنیکا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ میری دشمنی جہالت، غربت اور کرپشن سے ہے۔ قوم پر جہالت ،غربت اور کرپشن مسلط کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔نوجوان پاکستان کو کرپشن فری بنانے کیلئے میرا ساتھ دیں۔ظالم سرمایہ دار قومی دولت لوٹ کر درجنوں کارخانوں کے مالک بن بیٹھے ہیں اور مزدور کا بیٹا آج بھی تعلیم صحت اور روزگار سے محروم ہے۔ قوم سے غداری کے عوض جاگیریں لینے والوں کی جاگیریں ضبط کرکے غریب کاشتکاروں اور کسانوں میں تقسیم کریں گے۔ میرٹ کے قتل عام سے قوم کے ذہین نوجوان اعلیٰ تعلیم کے باوجود بےروزگار اور حکمرانوں کے نااہل شہزادے اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہیں۔ جس کی جیب میں پاکستان کا شناختی کارڈ ہے وہ ہماری نظر میں وی آئی پی ہے۔ ملک سے اسٹیٹس کو، اور وی آئی پی سسٹم کا خاتمہ ہماری جدوجہد کا مرکزی نقطہ ہے۔ جنوری میں کرپشن کے خلاف بڑی تحریک کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے زیراہتمام کنونشن سینٹر اسلام آباد میں نوجوانوں کے بڑے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوتھ کنونشن سے نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور صدر جماعت اسلامی یوتھ زبیر احمد گوندل نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے غلام بنایا ہے۔ ملکی اقتدار پر قابض رہنے والوں نے 68سال میں پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ،ان کی کرپشن کے اربوں ڈالر بیرونی بنکوں میں پڑے ہیں اور میرے ملک کا نوجوان بیروز گاری کی چکی میں پس رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت سے غداری کرکے انگریز سے جاگیریں حاصل کرنے والوں کی تیسری نسل عوام کی گردنوں پر سوار ہے، انہیں صرف اپنے جاہ و جلال اور پروٹوکول سے غرض ہے۔ وی آئی پی کلچر نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ معصوم بچے سڑکوں پر دم توڑ رہے ہیں اور ملک کی ظالم اشرافیہ بےحسی کی آخری حد کراس کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹس کو، کی حامی قوتیں عوام کے خلاف متحد ہوچکی ہیں اور اپنے اسٹیٹس کو کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جانے کو تیار ہیں مگر ہم نے بھی تہیہ کرلیا ہے کہ ان قوتوں کو مزید برداشت نہیں کریں گے اور جب تک پاکستان کو ان کے پنجہ استبداد سے آزاد نہیں کروا لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ایٹمی پاکستان کو گدا گر بنا کر قومی وقار کو صیہونی ساہو کاروں کے ہاتھ فروخت کردیا ہے۔ آج قوم کا بچہ، بچہ مقروض ہے اور قرضے لینے والے عالی شان محلوں میں عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد میں لاکھوں شہداء کا خون ہے۔ کلمہ کے نام پر اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے خاندان پسماندگی اور بے چارگی کی زندگی کزارنے پر مجبور کر دیئے گئے ہیں جبکہ قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے والے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اس ظلم و جبر کا خاتمہ نہیں ہو جاتا ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بیش بہا قدرتی خزانوں سے مالا مال کر رکھا ہے مگر حکمران ہاتھ ہلانے والے نہیں ہاتھ پھیلانے والے ہیں اس لئے آج خود انحصاری کا قابل عزت رستہ اپنانے کی بجائے قرضوں پر گزارہ کررہے ہیں۔ پاکستان پہلی اسلامی ایٹمی قوت ہونے کے باوجود اپنے وقار کا دفاع کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہماری وقعت نہیں۔
خبر کا کوڈ : 508434
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش