0
Monday 28 Dec 2015 14:35

آصف زرداری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر منتخب

آصف زرداری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر منتخب
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے سابق صدر ملکت آصف زرداری کو پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کا صدر منتخب کر لیا ہے، جبکہ اجلاس میں رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر بھرپور احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ہوا، جس میں فریال تالپور، قائم علی شاہ، خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ، منظور وسان، اعتزاز احسن اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو، مخدوم امین فہیم اور دیگر کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں آصف زرداری کو پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کا صدر بنانے کی قرارداد پیش کی گئی، جس کی چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے صدور نے تائید کی، یہ عہدہ مخدوم امین فہیم کے انتقال کے بعد خالی ہوا تھا۔

اجلاس میں وفاق کی جانب سے سندھ میں مداخلت پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔ سی ای سی کے ارکان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ اسمبلی کا استحقاق مجروح نہیں ہونے دینگے، اور کہا گیا کہ نواز شریف اور چوہدری نثار امیرالمومینن بننے کی کوشش نہ کریں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ صوبائی خودمختاری پر ضرب لگانے اور چوہدری نثار کی مداخلت کے خلاف بھرپور احتجاج کرینگے۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ ہم وفاق کے یونٹ ہیں، مگر خودمختار ہیں، عوامی مینڈیٹ رکھنے والی حکومت کو خود فیصلے کرنے کا اختیار ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نواز شریف 90 کی دہائی کی سیاست کو ترک کریں، ورنہ کچھ نہیں بچے گا، میاں صاحب کو اپنے اردگرد آستین کے سانپوں کو پہچاننا ہوگا، ہم نہیں چاہتے کہ 90 کی سیاست واپس آجائے، جس کا شکار شہباز شریف بھی بن جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 508547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش