0
Friday 8 Jan 2016 15:22

سندھ حکومت کا کراچی میں ترقیاتی کاموں اور صفائی پر 10 ارب خرچ کرنے کا اعلان

سندھ حکومت کا کراچی میں ترقیاتی کاموں اور صفائی پر 10 ارب خرچ کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ صوبائی محکمہ بلدیات کے 19 ارب روپے کے فنڈز میں سے 10 ارب صرف کراچی میں ترقیاتی کاموں اور صفائی پر خرچ کئے جائیں گے، کراچی کو صاف ستھرا بنانے کے بعد منتخب بلدیاتی نمائندوں کے حوالے کریں گے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی کے اضلاع ملیر اور شرقی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا، ضلع ملیر کے ایڈمنسٹریٹر طارق مغل، میونسپل کمشنر منظور حسین عباسی، ایڈمنسٹریٹر شرقی رحمت اللہ شیخ، ایم سی نادرخان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جام خان شورو نے کہا کہ کراچی کو صاف اور سرسبز بنانے کی جس مہم کا ہم نے آغاز کیا ہے، اس کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں اور کئی مقامات پر وہ سرپرائیز وزٹ بھی کر رہے ہیں، اور یہ سلسلہ جاری رہیگا۔

ضلع ملیر میں سیوریج کے حوالے سے عوام کو درپیش مشکلات کے سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ واٹر بورڈ کے ایم ڈی کو ضلع ملیر میں فراہمی و نکاسی آب سے متعلق مسائل حل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس موقع پر میڈیا کی جانب سے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی زمینوں پر تصاویر بنائے جانے کے سوال پر صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا کہ ان تصاویر کے بنانے سے قبل ہی ہم نے صفائی مہم کا آغاز کیا ہے، اور اسی لئے کچھ لوگوں کو یہ ناگوار گزرا ہے، ہمیں معلوم ہے کہ یہ کون کر رہا ہے اور کروا رہا ہے، میں ان لوگوں کو متنبہ کرتا ہوں کہ اگر ہماری پارٹی کے کارکنوں نے ان کے رہنماؤں کی تصاویر بنانا شروع کر دیں، تو شاید وہ یہ برداشت نہیں کر سکیں گے، اس لئے میرا ان کو مشورہ ہے کہ وہ اس طرح کی حرکتوں سے باز رہیں۔
خبر کا کوڈ : 511131
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش