QR CodeQR Code

سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان کل پاکستان آئینگے، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملیں گے

9 Jan 2016 02:27

اسلام ٹائمز: باور کیا جاتا ہے کہ وہ سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد میں پاکستان کو ایسی بھرپور شمولیت پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے، جس میں پاکستان مسلح دستے بھی بھجوا سکے۔ اس امر کا بھی امکان ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مفاہمت کیلئے شرائط سے پاکستان کو آگاہ کریں، شہزادہ محمد کو یمن میں فوجی کارروائی اور سعودی عرب کی جارحانہ فوجی و سفارتی پالیسی کا معمار خیال کیا جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب کے طاقتور ولی عہد دوم اور ملک کے وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کل اہم دورہ پر پاکستان آئیں گے۔ ان کی وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی۔ باور کیا جاتا ہے کہ وہ سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد میں پاکستان کو ایسی بھرپور شمولیت پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے، جس میں پاکستان مسلح دستے بھی بھجوا سکے۔ اس امر کا بھی امکان ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مفاہمت کیلئے شرائط سے پاکستان کو آگاہ کریں، کیونکہ اسلامی دنیا میں اس وقت پاکستان واحد ملک ہے جس کے سعودی عرب کے ساتھ شاندار اور ایران کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں اور جو دونوں ملکوں کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ سعودی ولی عہد دوم کو شاہ سلمان کے بعد سعودی عرب کی دوسری طاقتور شخصیت سمجھا جاتا ہے۔ شہزادہ محمد کو یمن میں فوجی کارروائی اور سعودی عرب کی جارحانہ فوجی و سفارتی پالیسی کا معمار خیال کیا جاتا ہے۔ ایک اور ذریعہ کے مطابق یہ بھی ہوسکتا ہے کہ دو روز پہلے سعودی وزیر خارجہ کی اسلام آباد میں وزیراعظم اور آرمی چیف کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران اسلامی دنیا کے دو اہم ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کرنے کی پیشکش کی گئی ہو، جس پر سعودی ولی عہد دوم کی آمد کے موقع پر مزید بات ہوسکتی ہے۔ سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے پیش نظر وزیراعظم کا دورہ قصور منسوخ کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے آج قصور میں ریلوے ٹریک کو دوہرا کرنے کے منصوبے کا افتتاح کرنا تھا۔ اب وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف منصوبے کا افتتاح کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 511267

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/511267/سعودی-وزیر-دفاع-محمد-بن-سلمان-کل-پاکستان-آئینگے-وزیراعظم-اور-آرمی-چیف-سے-ملیں-گے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org