0
Monday 11 Jan 2016 20:34

چاہ بہار گوادر ریلوے لائن ٹریک بچھانے کیلئے سنجیدہ ہیں، نواب ثناء اللہ زہری

چاہ بہار گوادر ریلوے لائن ٹریک بچھانے کیلئے سنجیدہ ہیں، نواب ثناء اللہ زہری
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں۔ ایرانی بلوچستان اور پاکستانی بلوچستان میں ایک ہی زبان اور تہذیب و تمدن کے لوگ رہتے ہیں۔ ہمارے مابین قدیمی رشتہ ہے۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پولیس سمیت اعلٰی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ ایران مکران زون کو 70 میگا واٹ بجلی فراہم کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں مکران زون کے لئے مزید 30 میگاواٹ بجلی اور پاکستان کے لئے ایک ہزار میگاواٹ بجلی درکار ہے۔ جسے نیشنل گرڈ سے منسلک کرکے پورے ملک میں ترسیل کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیستان و بلوچستان کے گورنر اس پر عملدر آمد کریں گے۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ اس حوالے سے میں خود ایران کا دورہ کروں گا، تاکہ اس منصوبے پر جلد عملدرآمد ہوسکے۔ چابہار گوادر ایم او یوز پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ ہم نے جوائنٹ بارڈر کمیٹی بھی تشکیل دی ہے، جو پاکستان ایران کی سرحدوں پر سکیورٹی کے معاملات کو مانیٹر کرے گا۔ ہم دہشتگردی کے خلاف ہیں، چاہے وہ کسی بھی ملک میں ہو۔ ہم اس کی بھرپور مذمت کریں گے۔

اس موقع پر سیستان و بلوچستان کے گورنر علی اوسط ہاشمی نے کہا کہ ہمارے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانا اٹوٹ رشتہ ہے۔ دونوں برادر ممالک سرحدوں پر ملنے کے نتیجے میں اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ ملے گا۔ اسی طرح ہمسایہ ممالک میں رابطہ کاری کے نتیجے میں پائیدار اور مستحکم تعلقات ہوں گے۔ اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں متعدد فیصلے کئے گئے، جن میں چابہار گوادر ریلوے لائن ٹریک بچھانے پر سنجیدگی سے غور اور اس پر جلد عملدرآمد کرنے پر زور دیا گیا۔ اسکے علاوہ بارڈر ٹریڈ لائن نیوشپنگ اور ایران سے گوادر فضائی رابطہ کے منصوبے پر بھی جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ایران و پاکستان ان تمام منصوبوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 511804
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش