QR CodeQR Code

وزیر دفاع کا سوموار کو ایران سعودی عرب کشیدگی پر پالیسی بیان دینے کا اعلان

15 Jan 2016 22:33

اسلام ٹائمز: اجلاس میں پیپلزپارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ کیا سعودی اتحاد میں شامل ہو کر پاکستان نے ایران کے حوالے سے پالیسی تبدیل کر لی ہے، وزیر دفاع واضح کریں کہ ایران سعودیہ تنازع پر ہماری پوزیشن کیا ہے، اس معاملہ پر ان کیمرہ اجلاس میں نہیں بلکہ سب کے سامنے بات کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر بتایا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت اب تک 332 دہشتگردوں کو تخہ دار پر لٹکایا گیا، فوجی عدالتوں کو 148 مقدمات منتقل کیے گئے، چوہدری نثار نے بتایا کہ ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران 2159 دہشت گرد ہلاک، 1724 گرفتار ہوئے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف پیر کو قومی اسمبلی میں سعودی اتحاد اور ایران سعودیہ تنازعہ پر پالیسی بیان دیں گے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیپ کے تحت اب تک 332 دہشتگردوں کو تخہ دار پر لٹکایا گیا، فوجی عدالتوں کو 148 مقدمات منتقل کیے گئے، چوہدری نثار نے بتایا کہ ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران 2159 دہشتگرد ہلاک، 1724 گرفتار ہوئے، نفرت انگیز تقاریر پر 2336 مقدمات درج کیے گئے، 2195 افراد گرفتار ہوئے، نفرت انگیز مواد رکھنے والی 73 دکانیں سیل کی گئیں۔ لاوڈ سپیکر کی خلاف ورزی پر 9164 مقدمات درج 9340 افراد گرفتار کیے گئے، دہشتگردوں کا مالی نیٹ ورک توڑنے کے لیے حوالہ اور ہنڈی کے 214 مقدمات درج، 322 افراد گرفتار ہوئے۔

چوہدری نثار نے تحریری جواب میں بتایا کہ کراچی میں رینجرز آپریشن کے باعث ٹارگٹ کلنگ میں 53 فیصد کمی ہوئی، قتل کی وارداتوں میں 50 فیصد کمی ہوئی، دہشتگردی 80 فیصد اور ڈکیتی 30 فیصد کم ہوئی، کراچی میں بھتہ خوری میں 56 فیصد کمی ہوئی، 69 ہزار 179 جرائم پیشہ افراد گرفتار ہوئے، کراچی میں 890 دہشتگرد گرفتار ہوئے، کراچی میں 676 اشتہاری، 10462مفرور، 124 اغواکار، 545 بھتہ خور، 1834 قاتل گرفتار کیے گئے، نوید قمر نے کہا کہ کیا سعودی اتحاد میں شامل ہو کر پاکستان نے ایران کے حوالے سے پالیسی تبدیل کر لی ہے، وزیر دفاع واضح کریں کہ ایران سعودیہ تنازع پر ہماری پوزیشن کیا ہے، اس معاملہ پر ان کیمرہ اجلاس میں نہیں بلکہ سب کے سامنے بات کی جائے، عارف علوی نے کہا کہ پاکستان فرقہ وارانہ جنگ کی راہ میں ہمیشہ دیوار بن کر کھڑا رہا ہے، ہماری بقا کیلئے ضروری ہے کہ ہم اس معاملہ میں دیوار ہی بنے رہیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وہ پیر کو قومی اسمبلی میں سعودی اتحاد اور ایران سعودیہ تنازعہ پر پالیسی بیان دیں گے، بجلی کے بریک ڈاون پر وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے ایوان کو بتایا کہ مظفر گڑھ کے قریب ٹرپنگ ہوئی، بہت زیادہ دھند کی وجہ سے فیڈرز ٹرپ کرگئے، اسلام آباد میں تھوڑی دیر میں بجلی بحال ہوجائے گی۔ فیصل آباد میں بجلی بحال کردی گئی ہے، لاہور اور پشاور میں نماز جمعہ کے بعد بجلی بحال ہو جائے گی۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ پچاس یونٹ ماہانہ تک استعمال کرنے والے صارفین کو بجلی 2 روپے فی یونٹ ہے، پچاس تا ایک سو یونٹ والوں کو 4 روپے گیارہ پیسے، ایک سو تا دو سو یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والوں کو 5 روپے 79 پیسے فی یونٹ اور دو سو تا تین سو یونٹ والوں کو 8 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال کے دوران فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو 120 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ تیل قیمتوں میں کمی کے باعث حکومت کو 252 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ لائن لاسز میں ایک فیصد کمی ریکوری میں 5 فیصد اضافی ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 512642

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/512642/وزیر-دفاع-کا-سوموار-کو-ایران-سعودی-عرب-کشیدگی-پر-پالیسی-بیان-دینے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org