QR CodeQR Code

بیلسٹک میزائل تجربات کا بہانہ، امریکہ نے 11 ایرانی کمپنیوں اور 5 افراد پر پابندیاں عائد کر دیں

18 Jan 2016 01:53

اسلام ٹائمز: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے ایک بیان میں امریکی اقدام کی مذمت کی ہے اور اسے غیر قانونی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے میزائل پروگرام کا مقصد کبھی بھی جوہری ہتھیاروں کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک لے جانا نہیں رہا۔


اسلام ٹائمز۔ امریکہ نے بیلسٹک میزائل تجربات میں ملوث 11 ایرانی کمپنیوں اور ان سے وابستہ 5 افراد پر نئی پابندیاں لگا دی ہیں، ان پابندیوں کا اعلان امریکی محکمہ خزانہ نے کیا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ 5 ایرانی شہریوں، متحدہ عرب امارات اور چین میں قائم کمپنیوں کے نیٹ ورک کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔ ان کمپنیوں پر میزائل پروگرام میں مدد دینے کا الزام ہے۔ نئی پابندیوں کے تحت میزائل تجربات میں ملوث ایران کی گیارہ کمپنیاں اور ان سے وابستہ افراد پر بین الاقوامی مالیاتی نظام کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ ان 11 کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ پابندیاں ایسے وقت میں لگائی گئی ہیں جب ایک دن قبل ہی جوہری معاہدے پر عمل درآمد کی تصدیق کے بعد ایران پر سے اقتصادی پابندیاں اٹھائی گئیں تھیں۔ دریں اثناء اقتصادی پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد ایران کا کہنا ہے کہ وہ تیل کی برآمد میں یومیہ پانچ لاکھ بیرل اضافے کا ارادہ رکھتا ہے۔ معاشی ماہرین کے بقول مارکیٹ میں ایران کی جانب سے اضافی تیل آنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آئے گی۔ ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے ایک بیان میں امریکی اقدام کی مذمت کی ہے اور اسے غیر قانونی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے میزائل پروگرام کا مقصد کبھی بھی جوہری ہتھیاروں کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک لے جانا نہیں رہا۔


خبر کا کوڈ: 513252

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/513252/بیلسٹک-میزائل-تجربات-کا-بہانہ-امریکہ-نے-11-ایرانی-کمپنیوں-اور-5-افراد-پر-پابندیاں-عائد-کر-دیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org