QR CodeQR Code

سندھ حکومت بیلنس پالیسی ترک کرے، چادر اور چاردیواری کے تقدس کی پامالی کسی صورت قبول نہیں، علامہ احمد اقبال رضوی

18 Jan 2016 17:39

اسلام ٹائمز: وحدت ہاؤس میں اجلاس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے پرامن افراد کو پریشان کیا جا رہا ہے جبکہ شہر کراچی میں موجود کالعدم جماعتوں کے دہشتگرد داعش میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی نے گذشتہ پندرہ روز میں شہر قائد میں پچاس سے زائد شیعہ نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملت جعفریہ کے افراد کی بلاجواز گرفتاریاں برداشت نہیں کی جائیں گی، شیعہ نوجوانوں کی گرفتاری کے بعد پولیس کی جانب سے اہل خانہ کو حراساں کیا جا رہا ہے۔ ان خیلات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکرٹری جنرل حسن ہاشمی، مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علامہ احسان دانش، علی حسین نقوی، میثم عابدی، رضا نقوی، ڈاکٹر مدثر حسین، سجاد اکبر، زین رضا، احسن عباس، رضوان پنجوانی موجود تھے۔ علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ایک منظم سازش کے تحت ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے پرامن افراد کو پریشان کیا جا رہا ہے جبکہ شہر کراچی میں موجود کالعدم جماعتوں کے دہشتگرد داعش میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، سندھ حکومت کالعدم جماعتوں کو شیلٹر فراہم کر رہی تو دوسری جانب ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کرکے ریاستی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اہل خانہ سے جھوٹے مقدمات قائم نہ کرنے اور رہائی کیلئے رشوت طلب کی جا رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلٰی و آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ پولیس کی جانب سے بلاجواز گرفتاریوں اور محکمہ میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف نوٹس لیں، بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو ملت جعفریہ وزیراعلٰی ہاؤس کا گھیراؤ کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 513293

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/513293/سندھ-حکومت-بیلنس-پالیسی-ترک-کرے-چادر-اور-چاردیواری-کے-تقدس-کی-پامالی-کسی-صورت-قبول-نہیں-علامہ-احمد-اقبال-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org