0
Monday 18 Jan 2016 17:55

اقتصادی راہداری کے نام پر عام سی سڑک کا افتتاح بڑا دھوکہ ہے، میر صادق عمرانی

اقتصادی راہداری کے نام پر عام سی سڑک کا افتتاح بڑا دھوکہ ہے، میر صادق عمرانی
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت موٹر ویز کی تعمیر کرنے کے بجائے نیشنل ہائی وے کا وزیراعظم نے افتتاح کرکے بلوچستان کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ سرمایہ دارانہ اور صنعتی سوچ رکھنے والا حکمران طبقہ عوام اور کسان زمینداروں کو پسماندگی کی جانب دھکیل کر اپنے مفادات کے حصول میں مگن ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے تین سالہ دور حکومت میں پنجاب میں میٹرو بسیں اور اورینج ٹرین جیسے منصوبے بنائے جارہے ہیں لیکن بلوچستان میں کوئی میگا پروجیکٹ شروع نہیں کیا گیا۔ گوادر پورٹ کے نام پر اخباری سیاست چمکائی جا رہی ہے۔ اکیسویں صدی اس ٹیکنالوجی کے دور میں بھی گوادر کے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ ترقی کے بلند و بانگ دعوے کرنے والے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیئیں۔ گوادر کی ترقی ہی سے بلوچستان کی معاشی و اقتصادی خوشحالی وابستہ ہے۔ بلوچستان کے عوام کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے ہر دور حکومت میں زیادتی ناانصافی اور صوبے کے عوام کا استحصال کیا جاتا رہا ہے۔ پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ ہونے والے زیادتی کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ بلوچستان کے عوام صوبے سے نکلنے والے معدنیات قدرتی گیس و وسائل کے اصل مالک ہیں۔ بلوچستان کی عوام کے ساتھ حکومت کا سوتیلی ماں جیسا سلوک قابل مذمت ہے۔ گوادر کے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ترقی کے نام پر صوبے کے عوام کا استحصال بند کیا جائے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو موٹر وے طرز پر تعمیر کرکے صنعتیں، انڈسٹریز کا فروغ، بے روزگاری کا خاتمہ کرکے بلوچستان کے عوام کو ترقی اور خوشحالی کے عمل میں براہ راست شریک کیا جائے۔ گوادر میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ فوری طور پر حل نہ ہوا تو پیپلزپارٹی بلوچستان کے عوام کے ساتھ مل کر صوبے بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 513321
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش