0
Wednesday 20 Jan 2016 16:58
سعودی سفارتخانے پر حملہ سے ایران اور اسلام کو نقصان پہنچا ہے

امریکہ وہی پہلے والا امریکہ ہے، اسکی نیرنگیوں اور سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، سید علی خامنہ ای

ایٹمی کامیابی ایرانی سائنسدانوں کی مہارتوں، کوششوں اور ایرانی عوام کی حمایت و پشت پناہی کا نتیجہ ہے
امریکہ وہی پہلے والا امریکہ ہے، اسکی نیرنگیوں اور سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کے آغاز کی حالیہ کامیابی کو ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کی انتھک محنتوں اور ایرانی قوم کی بھرپور حمایت و پشت پناہی کی مرہون منت قرار دیا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے مشرق وسطٰی کی موجودہ صورتحال کو امریکہ کے نئے مشرق وسطٰی کے منصوبے کا نتیجہ قرار دیا۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے پارلیمنٹ کا دسواں اور مجلس خبرگان کا پانچواں الیکشن کرانے والی کمیٹیوں، الیکشن کمیشن کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب میں ان دونوں ہی انتخابات کو بہت ہی اہم اور عظیم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک شاندار اور صحتمندانہ مقابلے کی اہم شرط یہ ہے کہ سبھی رائے دہندگان حتی وہ لوگ بھی جو اسلامی جمہوری نظام سے راضی نہیں ہیں، وہ بھی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کا انتخاب کرنا چاہیئے جو کرسیوں پر بیٹھنے کے بعد عوام کی خدمت اور عوام کے مفادات اور مصحلتوں کے لئے کام کریں۔ اسلامی جمہوری ایران کے سپریم لیڈر نے ایٹمی مسئلہ کے حل کے سلسلے میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور ایٹمی مذاکراتی ٹیم کے دیگر ارکان کی زحمتوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ان مذاکرات کے نتیجے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سارے مطالبات پورے نہیں ہوئے، لیکن حقیقت میں ایرانی حکام نے اس معاملے میں بہت محنت اور زحمت کی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے بارے میں اہم نکات بیان کرتے ہوئے ایرانی حکام کو مخاطب کرکے کہا کہ امریکہ وہی پہلے والا ہی امریکہ ہے، بنابریں مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے امریکہ کی نیرنگیوں اور چال بازیوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ ایٹمی کامیابی ایرانی سائنسدانوں کی مہارتوں اور کوششوں نیز ایرانی عوام کی حمایت و پشت پناہی کا نتیجہ ہے۔ بنابریں یہ ناانصافی ہے جو بعض افراد ان نتائج کو امریکیوں کی مہربانی سے تعبیر کر رہے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ کی ماہیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی موجودہ صورتحال امریکہ کی طرف سے چند سال قبل پیش کئے گئے نئے مشرق وسطٰی کے منصوبے کو نمایاں کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں کا نیا مشرق وسطٰی درحقیقت جنگ و دہشت گردی، تعصب، رجعت پسندی اور فرقہ وارانہ نیز داخلی جنگوں کا شکار مشرق وسطٰی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی کا اپنے خطاب کے ایک حصے میں ان افراد کو مخاطب کرتے ہوئے، جو تہران میں سعودی عرب کے سفارتخانے پر حملے کا الزام ایران کے مذہبی اور انقلابی جوانوں پر لگا کر اور اسے بہانہ بنا کر انہیں اپنی بے جا تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، کہنا تھا کہ 2 جنوری کو تہران میں سعودی سفارتخانہ پر حملہ بہت برا اور غلط اقدام تھا اور اس سے قبل جو برطانوی سفارتخانہ پر حملہ ہوا، وہ بھی درست نہیں تھا، کیونکہ یہ حملے اسلام اور ایران کے خلاف تھے اور میں نے بھی انہیں پسند نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سفارتخانے پر حملہ سے ایران اور اسلام کو نقصان پہنچا ہے، لیکن اس حملہ کو ہمارے متقی نوجوانوں پر تنقید کے لئے عذر نہیں ہونا چاہیئے، کیونکہ ان متقی اور انقلابی جوانوں کی اسلام اور انقلاب کے لئے بہت قربانیاں ہیں، یہ وہ افراد ہیں جو اسلام اور انقلاب کے لئے ہر وقت اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے میدان میں موجود رہتے ہیں۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کے ان انقلابی گارڈز کا مشکور ہوں، جنہوں نے گذشتہ ہفتے امریکی سیلرز کو حراست میں لیا، کیونکہ ان امریکی کشتیوں نے ایران اسلامی کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔ انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ آئندہ بھی تمام میدانوں میں ایران اسلامی کی حدود کیخلاف تجاوز کرنے والوں کے ساتھ یہی رویہ اختیار کرنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی گارڈز نے امریکی عملہ کے ارکان کو رہا کرکے صحیح اقدام کیا۔
خبر کا کوڈ : 513946
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش