0
Friday 22 Jan 2016 18:55

جامعات میں موجود داعش و دیگر دہشتگرد تنظیموں کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جائے، متحدہ طلباء محاذ

جامعات میں موجود داعش و دیگر دہشتگرد تنظیموں کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جائے، متحدہ طلباء محاذ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ طلبا محاذ میں شامل طلباء تنظیموں کے رہنماؤں نے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہید طلبہ و اساتذہ کرام کو اس عزم کے ساتھ خراج تحسین پیش کیا کہ ہم دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائیوں کے خلاف متحد ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پر مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کراچی ڈویژن، انجمن طلباء اسلام کراچی، پختون اسٹودنٹس فیڈریشن کراچی، پنچابی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن سمیت دیگر طلباء تنظیموں کے نمائندگان موجود تھے۔ رہنماؤں نے کہا کہ دہشتگردی اور دیگر تعلیمی مسائل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اسی بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اراکین متحدہ طلباء محاذ نے کراچی میں مختلف جامعات کی انتظامیہ سے ملاقات کرکے طلباء و طالبات کی جانب سے سیکورٹی خدشات کا اظہار کیا، اور حفاظتی اقدامات مؤثر بنانے کیلئے عملی تجاویر پیش کیں۔

رہنماؤں نے خیبر پختونخوا و وفاقی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی میں خاطر خواہ اضافہ کرکے ان کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کے داعش و دیگر عالمی دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر تشویش کا اظہار بھی کیا، اور کہا کہ سانحہ صفورا ہو یا حالیہ دنوں میں پیش آنے والے دیگر دہشتگردی کے واقعات، ان میں کراچی کی نجی جامعات کے طلباء کے ملوث ہونے کیساتھ انکے دہشتگرد تنظیم داعش سے تعلقات کے واضح شواہد ملے ہیں، جس کی نشاندہی سانحہ صفورا میں ملوث دہشتگردوں نے بھی کی، جبکہ سیکورٹی اداروں نے کراچی کے مختلف نجی جامعات کے اساتذہ کو بھی داعش سمیت دیگر عالمی دہشتگرد تنظیموں سے تعلقات کے الزام میں گرفتار کیا ہوا ہے، جن سے تحقیقات جاری ہے، جو کہ انتہائی تشویشناک بات ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلباء رہنماؤں نے کہا کہ جامعات میں دہشتگرد عناصر معصوم اور لاعلم طلبہ کی ذہن سازی کر رہے ہیں، اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے متحدہ طلباء محاذ تعلیمی اداروں میں عالمی دہشتگرد تنظیموں داعش، القاعدہ، طالبان و دیگر کے خلاف ایک گرینڈ ناریٹیو (Grand-Narrative) بنائے گی، اس سلسلے میں دہشتگرد عناصر کیجانب سے طلبہ کی ذہن سازی کو روکنے کیلئے مختلف پروگرامات کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں اسلام کی حقیقی تعلیمات کا پرچار کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متحدہ طلباء محاذ کی جانب سے ملک کی مجموعی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے سندھ کے وزیر تعلیم کو ایک خط تحریر کیا جائے گا، جس میں سندھ کی جامعات کیلئے سیکیورٹی گرانٹ کا مطالبہ کیا جائے گا، تاکہ صوبے بھر کے تعلیمی ادارے اپنی سیکورٹی کیلئے خاطر خواہ اقدامات کرسکیں، اس خط میں صوبائی وزیر تعلیم سے سندھ کے تعلیمی بجٹ میں اضافے اور طلباء یونینز کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے اس موقع پر میڈیا کے توسط سے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ سندھ کی جامعات میں موجود داعش سمیت دیگر دہشتگرد تنظیموں کے نیٹ ورک کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 514323
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش