1
0
Friday 22 Jan 2016 20:04

داعش کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ سے پنجاب حکومت آنکھیں چرا رہی ہے، علامہ اسدی

داعش کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ سے پنجاب حکومت آنکھیں چرا رہی ہے، علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور میں شہدائے باچا خان یونیورسٹی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ان کے سہولت کاروں اور سیاسی سرپرستوں پر ہاتھ ڈالنا ہو گا، انتہا پسند گروہ اب بھی سرگرم ہیں، مصلحت پسندی اور سیاسی مفادات کیلئے ملکی سلامتی کو داوُ پر لگا دیا گیا ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کر رہی ہے، جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کا نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ عزائم ہمیں جھکا نہیں سکتے، اسلام کے نام پر بربریت اور ظلم کی تاریخ رقم کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملک پر مٹھی بھر مخصوص نظریہ اور سوچ حامل گروہ کو مسلط نہیں ہونے دینگے، اسلام آباد میں داعش کے حامیوں کیخلاف سینٹ میں پیش کردہ ثبوت پر حکومت کارروائی کرے، وزیر داخلہ کے مبہم اور غیر ذمہ دارانہ بیانات سے عوام ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم باچا خان یونیورسٹی شہداء کے لواحقین کے درد کو محسوس کر سکتے ہیں، اس دہشتگردی کی عفریت نے ہمارے 24 ہزار سے زائد پیاروں کو ہم سے چھین لیا، لیکن انصاف کے حصول کیلئے مظلوموں کی فریاد کے باوجود حکمرانوں کی کان پر جوں تک نہیں رینگی، دہشتگردوں کیخلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی کو تیز کیا جائے اور ان درندوں کو سر عام چوراہوں پر لٹکا کر عبرت کا نشاں بنایا جائے۔ علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں داعش کے بڑھتے اثر و رسوخ سے پنجاب حکومت آنکھ چرا رہی ہے، پنجاب کے متنازعہ وزیر قانون کے ہوتے ہوئے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی امید رکھنا ایک حماقت سے کم نہیں، جن کے روابط ایسے گروہوں سے ہوں ان سے خیر کی امید رکھنا ممکن نہیں۔
خبر کا کوڈ : 514336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
حکومت تو آنکھیں چرائےگی۔ آپ لوگ نہ چرائیں
ہماری پیشکش