QR CodeQR Code

پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج، متعدد پروازیں منسوخ

23 Jan 2016 13:28

اسلام ٹائمز: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں پر دھند کا راج ہے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث گزشتہ رات دس بجے کے بعد سے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے جبکہ جڑواں شہروں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں موسم انتہائی سرد ہے اور جڑواں شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن گزشتہ رات دس بجے سے معطل ہے، اندرون و بیرون ملک جانے والی 35 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جبکہ آٹھ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، فلائٹ انکوائری کے مطابق مسافر ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پرواز سے متعلق معلومات حاصل کر لیں۔ راولپنڈی اسلام آباد میں موسم کی موجودہ صورتحال آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اگلے تین سے چار روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ آج صبح راولپنڈی اسلام آباد میں درجہ حرارت دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دیامر میں منفی سات، سکردو میں منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔


خبر کا کوڈ: 514478

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/514478/پنجاب-کے-بیشتر-میدانی-علاقوں-میں-شدید-دھند-کا-راج-متعدد-پروازیں-منسوخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org