QR CodeQR Code

دہشتگردی ایک ادارے کے کام سے ختم نہیں ہو گی، عاصم باجوہ

24 Jan 2016 20:21

اسلام ٹائمز: پشاور میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا، جس میں باچا خان یونیورسٹی حملے کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت اور ملک میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پورے معاشرے اور اداروں کو مل کرکام کرنا ہوگا، یہ کسی ایک ادارے کے کام سے ختم نہیں ہوگی۔ پشاور میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا، جس میں باچا خان یونیورسٹی حملے کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت اور ملک میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کی نشاندہی کے لئے آنکھیں کھلی رکھیں اور اردگرد کے بارے میں آگاہ رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے مقاصد کو شکست دینی ہے اور انہیں کامیاب نہیں ہونے دینا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے 2016 کو دہشت گردی کے خاتمے کا سال قرار دینے کے بارے میں عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اس کام کے لئے پرعزم ہیں۔ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مسئلہ ہے جبکہ پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانے کے لئے کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی حملہ ہوتا ہے تو کمزوریوں کی نشاندہی بھی ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداروں نے ایسے بہت سارے حملوں کو ناکام بھی بنایا ہے جن میں ایک حملہ تواسی علاقے میں کیا جانا تھا۔


خبر کا کوڈ: 514926

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/514926/دہشتگردی-ایک-ادارے-کے-کام-سے-ختم-نہیں-ہو-گی-عاصم-باجوہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org