0
Monday 25 Jan 2016 03:29

نادانی میں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنیوالوں کیلئے عام معافی کا اعلان کیا جائے، قاضی نثار

نادانی میں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنیوالوں کیلئے عام معافی کا اعلان کیا جائے، قاضی نثار
اسلام ٹائمز۔ تنظیم اہل سنت والجماعت گلگت بلتستان و کوہستان کے مرکزی امیر، خطیب مرکزی جامع مسجد اہل سنت گلگت، مولانا قاضی نثار احمد نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان ایک پس ماندہ علاقہ ہے یہاں پرکسی نے بھی نادانی میں ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا ہے تو حکومت اعلٰی ظرفی کا مظاہرہ کرکے ایک دفعہ عام معافی کا اعلان کرے۔ یہ وقت کی ضرورت ہے اور حکومت کے اس اقدام سے علاقے میں مثالی امن قائم ہوگا۔ انہوں نے اتوار کے روز ایک مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہونے والی بدامنی کو پیش نظر رکھتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان یہاں پر لاگو کیا گیا اور فوجی عدالتیں بھی قائم کی گئی ہیں لیکن گلگت بلتستان کی پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر یہاں پر کسی نے کسی کے بہکاوے میں آکے ریاست کے خلاف کام کیا ہے اور اب وہ لوگ مفرور ہیں یا اشتہار ی ہیں، تو حکومت ایک دفعہ عام معافی کا اعلان کرے تاکہ یہ لوگ بھی علاقے کے ذمہ دار شہری بن سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، بلکہ آپریشن سے خرابیاں پیدا ہوتی ہیں اور ملک میں بالخصوص صوبہ بلوچستان میں اس کی کئی مثالیں موجود ہیں۔ اس لئے حکومت سے ہماری درخواست ہے کہ وہ گلگت بلتستان میں ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لئے ایک دفعہ عام معافی کا اعلان کرے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اس حوالے سے ہم مسلسل کوشش کررہے ہیں، حکومت سے بھی رابطے میں ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے بھی رابطے کررہے ہیں تاکہ اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ علاقے میں ہونے والی کرپشن، فرقہ واریت اور امن وامان کی صورت حال کی وجہ سے علاقہ انتہائی پس ماندہ رہا ہے اور علاقے میں سرکاری ملازمتوں کے علاوہ پرائیویٹ سیکٹر میں روزگار کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔ گلگت بلتستان کی قوم نے علاقے میں قانون کی بالادستی، علاقے کی تعمیروترقی اور مشکلات کے ازالے کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کو اقتدار میں لایا ہے۔ اس لئے صوبائی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کےلئے اپنے اہداف کو سامنے رکھ کر دن رات محنت کرے۔ مگر صوبائی حکومت کی اب تک کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے، اگرصوبائی حکومت کی یہی روش برقرار رہی تو حکومت اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوگی اور علاقے کے عوام مایوس ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 514998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش