0
Thursday 28 Jan 2016 09:10

پنجاب، لاہور کی 3 یونیورسٹیوں کو 31 جنوری تک بند کر دیا گیا

پنجاب، لاہور کی 3 یونیورسٹیوں کو 31 جنوری تک بند کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ سیکورٹی انتظامات بہتر بنانے کیلئے لاہور کی 3 یونیورسٹیاں 31 جنوری تک بند کر دی گئیں۔ قصور میں بھی 13 تعلیمی ادارے سیل جبکہ ملتان کی بہاءالدین زکریا یونیورسٹی 2 روز کیلئے بند کر کے ہاسٹل خالی کرا لئے گئے، پولیس نے سرچ آپریشن بھی کیا۔ سیکورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے لاہور کی 3یونیورسٹیوں کو 31 جنوری تک بند کر دیا گیا ہے، قصور میں بھی ناقص سیکورٹی انتظامات پر ایک یونیورسٹی اور 2 کالجوں سمیت 13 تعلیمی اداروں کو سیل کر دیا گیا۔ ڈی پی او قصور علی ناصر رضوی کے مطابق ضلع قصور میں بھی ناقص سیکورٹی انتظامات پر اینمل یونیورسٹی پتوکی اور ڈگری کالج فار بوائز پتوکی سمیت 13 تعلیمی اداروں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، جیل روڈ پر واقع لاہور کالج یونیورسٹی برائے خواتین اور کینال روڈ پر قائم بہاءالدین زکریا یونیورسٹی کے لاہور کیمپس میں سیکورٹی انتظامات تسلی بخش نہیں تھے جس پر ضلعی انتظامیہ نے تینوں یونیورسٹیوں کو 31 جنوری تک بند کر کے سیکورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق، لیہ میں ناقص سیکورٹی کے باعث این سی بی اے یونیورسٹی کا کیمپس اور 3 تعلیمی ادارے سیل کر دیے گئے ہیں۔ بہاولپور میں ناقص سیکورٹی انتظامات پر 4 تعلیمی ادارے سیل کر دیے گئے ہیں۔ ان میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا شعبہ فارمیسی، ووکیشنل کالج احمد پور شرقیہ، گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج بہاولپور اور ایک نجی سکول سیل کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 515958
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش