QR CodeQR Code

دہشتگردوں کے خوف سے تعلیمی اداروں کی بندش شرمناک عمل ہے، علامہ مقصود ڈومکی

28 Jan 2016 23:18

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم رہنماء کا کہنا تھا کہ اس ملک کے کروڑوں شہری اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خلاف لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ دہشتگردوں سے زیادہ ان کے سیاسی اور مذہبی سہولت کار ریاست کے لیے خطرہ ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خوف سے تعلیمی اداروں کی بندش شرمناک عمل ہے۔ حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف منافقانا طرز عمل دہشت گردی کے خاتمہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، دشمن کے بچوں کو پڑھانے والے اب اپنے بچوں کو جاہل بنا رہے ہیں۔ حکومت اور ریاستی اداروں کی کمزوری اس سے بڑھ کر کیا ہوگی کہ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے دہشت گرد کو گرفتار کرنے کی بھی ان میں ہمت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ اب ریاست دہشتگردوں کے خلاف اعلان جنگ کرے، اور عراق کی طرز پر دہشت گردوں سے لڑنے کے لیے عوام سے مدد لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف اور پاک فوج، ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کا آغاز کریں۔ اس ملک کے کروڑوں شہری اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خلاف لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ دہشتگردوں سے زیادہ ان کے سیاسی اور مذہبی سہولت کار ریاست کے لیے خطرہ ہیں۔ جو ہر مشکل وقت میں دہشت گردوں کے وکیل صفائی بن جاتے ہیں۔ انہوں نے جرئت اور بہادری کے ساتھ کراچی میں آپریشن جاری رکھنے پر آرمی چیف، ڈی جی رینجرز اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، امید ظاہر کی کہ شہر قائد میں پائیدار امن جلد قائم ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 516188

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/516188/دہشتگردوں-کے-خوف-سے-تعلیمی-اداروں-کی-بندش-شرمناک-عمل-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org