0
Saturday 30 Jan 2016 21:14

حکمران دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مخلص نہیں، علامہ اسدی

حکمران دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مخلص نہیں، علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں سانحہ شکار پور کے شہداء کی برسی کے موقع پر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم ڈبلیو ایم لاہور کے کارکنان ضلعی و صوبائی رہنماوں نے شرکت کی۔ صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے شہدائے شکارپور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ سانحہ شکار پور کو ایک سال مکمل ہو گیا لیکن شہداء کے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے میں حکمران اب تک ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے، اندرون سندھ کو دہشتگردوں کے رحم کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ شکار پور کے شہداء کا لہو ابھی خشک نہیں ہوا تھا، جیکب آباد اور چھلگری میں ہمیں حکمرانوں نے درجنوں لاشوں کا تحفہ دیدیا۔ انہوں نے کہا حکمران دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مخلص نہیں، سندھ حکومت تکفیریوں کی سرپرستی کر رہی ہے، بلدیاتی الیکشن میں ان کے مکروہ عزائم سب کے سامنے آگئے ہیں، شہداء کمیٹی کی جانب سے لانگ مارچ کے موقع پر سندھ کے حکمرانوں نے جھوٹے وعدے کئے جو آج تک وفا نہ ہو سکے، اس ملک میں دہشتگردی کیخلاف سب سے بڑی قربانی ہم نے دی، لیکن ہم نے ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں وفاق سمیت چاروں صوبوں میں ہمیں بیلنس پالیسی کے تحت ہراساں کرنے کا عمل جاری ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ظالم اور مظلوم کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنے کے عمل کو ہم برداشت نہیں کریں گے، جو حکمران وفاق میں اپنے ناک کے نیچے بیٹھے شدت پسند مُلا پر کنٹرول حاصل نہ کر سکے، ہمیں ان سے انصاف کی امید نہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے چوبیس ہزار سے زائد شہداء کے کیسوں کو فوری فوجی عدالتوں کے سپرد کرکے انصاف کو یقینی بنایا جائے، ہم شہداء کمیٹی کے مطالبات کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور شہداء کے لواحقین کو قانونی انصاف دلانے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں، شہدائے شکار پور کی برسی پر منعقدہ دعائیہ تقریب میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پنجاب سید اسد عباس نقوی، علامہ محمد اقبال کامرانی، رائے ناصر علی، حاجی امیر عباس مرزا، رانا ماجد علی سمیت دیگر رہنماوں نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 516660
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش