QR CodeQR Code

زینبیہ میں بم دھماکے اور خودکش حملہ شام مخالفین اور دہشتگردوں کے درمیان رابطوں کا ثبوت ہیں، بشار الجعفری

31 Jan 2016 19:30

اسلام ٹائمز: جینوا میں صحافیوں سے گفتگو میں اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے کا کہنا تھا کہ شامی مہاجرین کی بڑی تعداد حکومت کی مخالفت کے سبب نہیں بلکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور پابندیوں سے پیدا ہونیوالی اقتصادی مشکلات کی وجہ سے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے اور امن مذاکرات میں شامی ٹیم کے سربراہ بشار الجعفری نے زینبیہ میں بم دھماکوں اور خودکش حملے کو شام مخالفین اور دہشت گردوں کے درمیان رابطوں کا ثبوت قرار دیا ہے۔ جینوا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بشار الجعفری نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی مستورا کو ان اقدامات سے آگاہ کیا ہے، جو شامی حکومت عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لئے انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی مہاجرین کی بڑی تعداد حکومت کی مخالفت کے سبب نہیں بلکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی اور پابندیوں سے پیدا ہونے والی اقتصادی مشکلات کی وجہ سے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئی ہے۔  بشار الجعفری کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اقوام متحد کے نمائندے سے پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے اور ساتھ ہی اعلان کیا ہے کہ شامی حکومت بحران کا حل تلاش کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی حکومت کے مخالفین مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ مخالفین کا ترجمان امریکہ، فرانس یا سعودی عرب کی وزارت خارجہ کا ترجمان ہے مخالفین کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاحال شام مخالفین کے نمائندہ وفد کے ارکان کا تعین بھی نہیں ہوسکا ہے اور حتٰی اقوام متحدہ کے پاس بھی ان لوگوں کی حتمی فہرست نہیں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دمشق کے نواحی علاقے زینبیہ میں ہونے والے بم دھماکوں میں کم سے کم پینتالیس افراد شہید اور ایک سو دس زخمی ہوئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 517025

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/517025/زینبیہ-میں-بم-دھماکے-اور-خودکش-حملہ-شام-مخالفین-دہشتگردوں-کے-درمیان-رابطوں-کا-ثبوت-ہیں-بشار-الجعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org