0
Monday 1 Feb 2016 10:43

لاہور، بڑے نجی تعلیمی اداروں کا اسکول کھولنے سے انکار

لاہور، بڑے نجی تعلیمی اداروں کا اسکول کھولنے سے انکار
اسلام ٹائمز۔ نجی تعلیمی اداروں کے مالکان سے پنجاب حکومت کے مذاکرات کامیاب ہو گئے لیکن لاہور کے بڑے نجی تعلیمی اداروں نے آج سے اسکول کھولنے سے انکار کر دیا ہے، جس سے والدین ذہنی اذیت کا شکار ہو گئے ہیں۔ پنجاب حکومت اور نجی تعلیمی اداروں کے درمیان یکم فروری سے سکولوں کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہوئے، اس کے باوجود لاہور میں اے پلس اور اے کیٹیگری کے اسکول مالکان نے تعلیمی ادارے کھولنے سے انکار کر دیا ہے۔

پنجاب حکومت اور بڑے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے درمیان ٹھن گئی، لاہور کے 10 بڑے ایجوکیشنل گروپس نے اپنی تمام برانچز بند رکھنے کا اعلان کر دیا جبکہ پرائیویٹ اسکولوں کی 2 نمائندہ ایسوسی ایشنز نے آج اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں پھر سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر تعلیم رانا مشہود کے آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن اور آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سے مذاکرات ہوئے، جس میں کچھ تلخی ہو گئی، ایسوسی ایشنز والے ناراض ہو کر چلے گئے، تاہم ڈی سی او لاہور انہیں جلد ہی منا لائے، مذاکرات پھر شروع ہوئے، جو بالآخر کامیاب ٹھہرے۔

وزیر تعلیم پنجاب نے دو ٹوک کہہ دیا کہ سیکورٹی کے نام پر بلیک میل نہیں ہوں گے، ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے سیکورٹی کے معاملے پر یقین دہانی کرا دی ہے۔ دوسری جانب شہر کے بڑے اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین شدید ذہنی کرب کا شکار ہیں، اے کیٹیگری میں شامل لاہور کے10 بڑے تعلیمی اداروں کی جانب سے بچوں کے والدین کو یکم فروری کو اسکول بند رہنے کا ایس ایم ایس بھیج دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ جب تک اسکول انتظامیہ کی جانب سے باضابطہ اعلان نہیں ہوتا تعلیمی ادارے بند رہیں گے، یہی نہیں میڈیا یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے ملنے والی خبر پر توجہ نہ دیں۔
خبر کا کوڈ : 517087
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش