QR CodeQR Code

ایف سی کی بھرتی کیلئے آنیوالے امیدواروں نے ڈی آئی خان کو میدان جنگ بنادیا

5 Feb 2016 16:53

اسلام ٹائمز: مختلف شہروں سے بھرتی کیلئے آنیوالے امیدوار اس وقت مشتعل ہوگئے، جب انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ میٹرک کے علاوہ ایف اے تعلییم والے بھی کاغذات جمع کرائیں، اعلان سنتے ہی امیدواروں نے شہر کی سڑکوں پر توڑ پھوڑ شروع کردی۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ دو روز سے ایف سی بلوچستان کیلئے بھرتی کا عمل جاری تھا۔ ایف سی بھرتی سنٹر کے عملے کی جانب سے بھرتی کیلئے درخواستیں مقررہ تعداد سے زیادہ ہونے پر انہوں نے مزید درخواستیں لینے سے انکار کر دیا، اور کہا کہ جن کی تعلیم ایف اے ہے، وہ کاغذات جمع کرائیں۔ جس پر بنوں، لکی مروت، ٹانک اور دیگر اضلاع سے آنیوالے امیدوار بپھر گئے۔ انہوں نے بھرتی سنٹر کے عملے کیخلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے امیدوار جی پی او موڑ پر آگئے اور وہاں بڑے بڑے سائن بورڈز توڑ ڈالے اور بینرز پھاڑ دیئے۔ سرکلر روڈ پر لگائے گئے لاکھوں روپے مالیت کے پودے اکھاڑ ڈالے اور ان پودوں کو پانی فراہم کرنے والے واٹر پمپ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ کئی دکانوں کی توڑ پھوڑ کی۔ اس موقع پر روڈ بھی بلاک کیا گیا اور موجود گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ ڈالے۔ ہجوم کے بے قابو ہونے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور آنسو گیس و ہوائی فائرنگ کے ذریعے امیدواروں کو منشتر کیا۔ واضح رہے کہ ایف سی بلوچستان کی بھرتی میں ڈی آئی خان کا کسی قسم کا کوئی کوٹہ نہیں ہے، جس پر شہری حلقوں نے اداروں سے استدعا کی ہے کہ بھرتی کا عمل انہی علاقوں میں کیا جائے، جن کا کوٹہ مختص ہے۔


خبر کا کوڈ: 518325

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/518325/ایف-سی-کی-بھرتی-کیلئے-ا-نیوالے-امیدواروں-نے-ڈی-ا-ئی-خان-کو-میدان-جنگ-بنادیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org