QR CodeQR Code

کوئٹہ کراچی کوچز یونین کا قومی شاہراہ غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنیکا اعلان

7 Feb 2016 09:52

اسلام ٹائمز: احتجاجی مظاہرین سے خطاب میں آل کوئٹہ کراچی کوچز یونین کے صدر کا کہنا تھا کہ حکومت ایک طرف بس اڈوں کو شہر سے 10 کلو میٹر دور منتقل کر رہی ہے، لیکن وہاں جن بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے، حکومت انہیں فراہم کرنے سے قاصر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آل کوئٹہ کراچی کوچز یونین نے بس اڈوں کو ہزار گنجی منتقل کرنے کیخلاف کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ لکپاس کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ ٹرانسپورٹروں نے سریاب روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔ اس موقع پر مقررین سے خطاب میں آل کوئٹہ کراچی کوچز یونین کے صدر میر حکمت لہڑی اور جنرل سیکرٹری عبداللہ کرد کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے جائز مطالبات تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے۔ نہ ہی ہزار گنجی میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس لئے ٹرانسپورٹروں نے احتجاجاً آج سے کوئٹہ قومی شاہراہ کو لکپاس کے مقام پر غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا۔ جب تک عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاتی، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ حکومت ایک طرف بس اڈوں کو شہر سے 10 کلو میٹر دور منتقل کر رہی ہے۔ لیکن وہاں جن بنیادی سہولیات کا فقدان ہیں، وہ فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ اگر حکومت نے ہمارے خلاف کوئی حکمت عملی اپنائی تو ٹرانسپورٹر سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہونگے۔ جسکی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔ دریں اثناء ٹرانسپورٹروں نے سریاب روڈ پر اپنے مطالبات کے حق اور بس اڈوں کو ہزار گنجی منتقلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف سخت نعرہ بازی کی۔


خبر کا کوڈ: 518752

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/518752/کوئٹہ-کراچی-کوچز-یونین-کا-قومی-شاہراہ-غیر-معینہ-مدت-کیلئے-بند-کرنیکا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org