0
Monday 8 Feb 2016 11:30

پی آئی اے ملازمین بازیاب، نجکاری کیخلاف احتجاج جاری

پی آئی اے ملازمین بازیاب، نجکاری کیخلاف احتجاج جاری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے اے سی) کے 4 لاپتہ اراکین کو نامعلوم افراد نے شہر کے مختلف حصوں میں چھوڑ دیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما اور پیپلز یونٹی (پی یو ) کے صدر ہدایت اللہ خان، پی یو کے نائب صدر ضمیر چانڈیو، سیف اللہ اور منصور ڈھلوان 2 فروری کو کراچی ایئرپورٹ کے قریب قومی ایئر لائن کی مجوزہ نجکاری کے خلاف احتجاج کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما ہدایت اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں 6 روز تک آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر نامعلوم مقام پر رکھا گیا، 'ہم نہیں جانتے کہ وہ کون سی ایجنسی کے لوگ تھے۔' انھوں نے بتایا کہ اس دوران اُن کا گھروں سے کوئی رابطہ نہیں تھا اور نہ ہی اُن پر کسی قسم کا جسمانی تشدد کیا گیا۔ جے اے سی کے ترجمان نصر اللہ خان نے تصدیق کی کہ ملازمین کو رہا کر دیا گیا ہے لیکن انھوں نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ انھیں کس نے حراست میں لیا تھا۔ اس سے قبل انھوں نے بتایا تھا کہ لاپتہ ملازمین کی بازیابی کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں ایک پٹیشن دائر کی جا چکی ہے، تاہم اس میں کسی کو نامزد نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ ملازمین کے 'لاپتہ' ہونے کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کیپٹن سہیل بلوچ نے حکومت کو خبردار کیا تھا کہ پی آئی اے کے ملازمین اپنے ساتھیوں کی بازیابی کے لیے پیر کو اولڈ ٹرمینل پر پی آئی اے ہیڈ آفس سے جناح ٹرمینل تک ریلی نکالیں گے۔ تاہم ملازمین کی واپسی کے بعد جے اے سی ترجمان نصر اللہ خان نے میڈیا کو بتایا کہ اب یہ مارچ منسوخ کر دیا گیا ہے، لیکن پی آئی اے ملازمین مطالبات منظور نہ ہونے تک ملک کے تمام بڑے ایئرپورٹس کے باہر اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 519051
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش