QR CodeQR Code

کابل، افغان فوجیوں کی گاڑی پر خودکش حملہ، 12 افراد ہلاک، 18 زخمی

8 Feb 2016 16:08

اسلام ٹائمز: عینی شاہدین نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ کم از کم 12 افراد کی لاشیں اٹھائی گئیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، دھماکہ خودکش تھا، واقعہ کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شمالی افغانستان میں فوجیوں سے بھری گاڑی پر خودکش حملے میں 12 افراد ہلاک اور 18 سے زائد شدید زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حملہ پیر کی صبح صوبہ بلخ میں کیا گیا اور اس کا ہدف ایک منی بس تھی جس پر افغان نیشنل آرمی کے جوان سوار تھے۔ افغان ٹی وی نے بلخ پولیس کے صوبائی سربراہ عبدالرزاق قادری کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملے میں 18 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ واقعہ کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے ۔عینی شاہدین نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ کم ازکم 12 افراد کی لاشیں اٹھائی گئیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ خودکش تھا۔ گذشتہ کچھ عرصے سے افغانستان میں ایک بار پھر شدت پسندوں کی جانب سے حملوں کا سلسلہ تیز ہوا ہے۔ رواں ماہ کے آغاز میں دارالحکومت کابل میں ایک خودکش حملے میں کم سے کم 20 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے میں شہر کے مغربی حصے میں واقع اس عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا جہاں افغان پولیس کے اس یونٹ کا دفتر ہے جو طالبان کے خلاف آپریشن کرتا ہے، طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ ان حملوں کے بعد ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملی ہے کہ یہ حملے طالبان کی جانب سے مذاکرات کے دوران اپنا پلہ بھاری رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 519147

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/519147/کابل-افغان-فوجیوں-کی-گاڑی-پر-خودکش-حملہ-12-افراد-ہلاک-18-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org