0
Monday 8 Feb 2016 20:37

جماعت اسلامی کرپشن سے پاک پاکستان بنانے کے لیے تحریک چلائے گی، لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کرپشن سے پاک پاکستان بنانے کے لیے تحریک چلائے گی، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت ملک کو کرپشن اور سود سے پاک کرنے کے لیے ملک گیر تحریک چلائے گی۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل منصورہ کے مطابق وہ پشاور میں جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے زیراہتمام نفاذ اسلام کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، کانفرنس سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کر کے اس کا گھیرائو کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں جس سے ہماری آزادی اور مستقبل کو خطرات لاحق ہیں۔ انھوں نے علما اور دینی جماعتوں کے قائدین کو دعوت دی کہ ان خطرات کا مقابلہ متحد ہو کر کریں۔ انھوں نے کہا کہ غربت، مہنگائی، کرپشن اور قرضے غریب عوام کو مشکلات کی دلدل میں پھینک رہے ہیں۔ ہمارے نوجوانوں اور خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں لیکن مٹھی بھر مقتدر کرپٹ طبقہ ان کی صلاحیتوں اور وسائل کو ضائع کر رہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ امت مسلمہ کو سنی شیعہ اور ایران و سعودی کے دھڑوں میں تقسیم کرکے فائدہ اسلام دشمن اٹھا رہے ہیں۔ انھوں نے ایران سعودی اختلافات کے خاتمہ کے لیے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ ایران و ریاض کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ اس اہم کام کے لیے ترکی، ملائشیا، انڈونیشیا اور نائیجیریا کو ساتھ ملا لیا جائے، پاکستان اکیلے یہ مسئلہ حل نہیں کر سکتا۔ انھوں نے کہا کہ مہنگائی، غربت، کرپشن اور بجلی و گیس بحرانوں کی وجہ سے مزدور کسان اور عوام پریشان ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کے ساتھ حکومت کا رویہ قابل مذمت ہے۔ اگر اس ادارے میں نقائص ہیں تو ان کو دور کیا جائے نہ کہ ملازمین کا گلا دبایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کرپٹ مقتدر طبقہ پی آئی اے، ریلوے، سٹیل ملز اور او جی ڈی سی ایل کی بندر بانٹ کے لیے تیار بیٹھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کہ اگر عوام بیدار نہ ہوئے تو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف ہماری آزادی اور قومی غیرت پر حملہ آور ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 519238
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش