QR CodeQR Code

لاہور، سٹی 42 پر فائرنگ کیخلاف شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے، ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ

8 Feb 2016 22:01

اسلام ٹائمز: فیصل چوک میں سٹی 42 آفس پر فائرنگ کیخلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج میں صحافی تنظیموں، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔صدر پریس کلب شہباز میاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کو سچ بولنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے منگل کو یوم سوگ کا اعلان کیا۔ گروپ ایڈیٹر ڈیلی سٹی فورٹی ٹو نوید چودھری نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے اظہاریکجہتی پر تمام مکاتب فکر کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو صحافیوں کیساتھ مل کر مسئلے کا حل ڈھونڈنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ سٹی 42 آفس پر فائرنگ کے واقعہ کیخلاف صحافی، تاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی نے چیئرنگ کراس سے پنجاب اسمبلی کے گیٹ تک ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کل یوم سیاہ منانےکا بھی اعلان کر دیا گیا۔ فیصل چوک میں سٹی 42 آفس پر فائرنگ کیخلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج میں صحافی تنظیموں، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں ڈائریکٹر نیوز سٹی 42 انصار نقوی، گروپ ایڈیٹر ڈیلی سٹی 42 نوید چودھری، صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس رانا محمد عظیم، صدر لاہور پریس کلب شہباز میاں، جنرل سیکرٹری شاداب ریاض، ایم پی اے شعیب صدیقی، لیگی ایم پی اے شہزاد منشی، بیورو چیف 92 ٹی وی خاور نعیم ہاشمی، سابق صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سینئر اینکرپرسن نجم ولی خان، جنرل سیکرٹری الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن عامر رضا خان، سینیئر نائب صدر ایمرا شاہد ندیم سپرا، صدر پی یو جے وسیم فاروق، صدر انجمن تاجران خالد محمود سمیت دیگر شریک تھے۔

صدر پریس کلب شہباز میاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کو سچ بولنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے منگل کو یوم سوگ کا اعلان کیا۔ گروپ ایڈیٹر ڈیلی سٹی فورٹی ٹو نوید چودھری نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے اظہاریکجہتی پر تمام مکاتب فکر کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو صحافیوں کیساتھ مل کر مسئلے کا حل ڈھونڈنا ہوگا۔ سینیئر صحافی خاور نعیم ہاشمی نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز پر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس رانا محمد عظیم نے بھی دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کی۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک صحافی تنظیموں نے مطالبہ کیا کہ فائرنگ کے ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ صحافی برادری سچ لکھنے اور دکھانے کا فریضہ جاری رکھ سکے۔

ادھر پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ علوم ابلاغیات کے طلبا نے احتجاج میں سٹی 42 پر فائرنگ کی شدید مذمت کی۔ طلباء نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ سٹی 42 پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے اور طلبا حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ طلبا کا کہنا ہے کہ سٹی 42 لاہور کے شہریوں کے مسائل پر آواز اُٹھاتا ہے اور سچ کی آواز کو دبانے کی سازش کی گئی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت کی حفاظت کیلئے طلبا کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ پروفیسر شبیر سرور کا کہنا تھا کہ میڈیا ہاؤسز پر حملوں کو روکنے میں حکومت کو موثر حکمت عملی بنانا ہو گی اور سٹی 42 پر فائرنگ کرکے اس کے ملازمین میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے جس کی وہ بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ لاہور کی معروف لبرٹی مارکیٹ سمیت مختلف مارکیٹس کے تاجروں نے بھی سٹی 42 پر فائرنگ کے واقعہ کیخلاف بھرپور احتجاج کیا اور فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 519269

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/519269/لاہور-سٹی-42-پر-فائرنگ-کیخلاف-شہر-بھر-میں-احتجاجی-مظاہرے-ملزموں-کی-گرفتاری-کا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org