0
Wednesday 10 Feb 2016 18:59

داعش افغانستان میں لکڑیاں کاٹ رہی ہے، وائس آف امریکہ

داعش افغانستان میں لکڑیاں کاٹ رہی ہے، وائس آف امریکہ
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں داعش کی بڑھتی سرگرمیوں کی خبریں تواتر کیساتھ میڈیا میں چھائی ہوئی ہیں۔ امریکی میڈیا نے افغانستان میں داعش کی نئی سرگرمیوں سے متعلق اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ داعش افغانستان میں سے درخت کاٹ کر ان کی لکڑی پاکستان سمگل کررہی ہے۔ وائس آف امریکہ کے مطابق افغان حکام اور قبائلی عہدیداروں کا کہناہے کہ روزانہ کی بنیاد پر لکڑی سے بھرے ہوئے ٹرک غیر قانونی طور پر پاکستان بھیجے جاتے ہیں، جبکہ لکڑی کی کچھ مقدار مقامی مارکیٹ میں بھی فروخت کی جاتی ہے۔ کنار کے رہائشی محمد رفیق کا کہنا ہے کہ لکڑی پشاور کے علاوہ کندھار کے راستے کوئٹہ بھی سمگل کی جاتی ہے، جبکہ کچھ مقدار میں لکڑی کو کراچی کے راستے دبئی بھی سمگل کیا جاتاہے۔ مقامی رہائشی ملک ہاشم نازیان قبیلے کے عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ سمگلنگ پاک افغان بارڈر ڈیورنڈ لائن کے ساتھ علاقوں میں سے کی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مقامی شہریوں کا کہنا ہے حکومت نے اس حوالے سے آنکھیں بند کی ہوئیں ہیں اور کوئی بھی اقدام نہیں کیا جا رہا ہے، جبکہ ایک شہری کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم داعش کیلئے کچھ مقامی لوگ سہولت کار کا کام کر رہے ہیں، جو کہ لکڑی مقامی مارکیٹ تک پہنچاتے ہیں۔ ننگھار ایگری کلچر ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر نے کہاہے کہ انہوں نے اس بارے میں سنا ہے لیکن درخت کاٹنے کا سلسلہ ابھی صرف ایک ضلع میں ہو رہاہے۔ دیہبالہ واحد ضلع ہے جہاں لکڑی کاٹنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ہم اس کو روکنے کیلئے مقامی عہدیداروں سے بات چیت کر رہے ہیں اور جلد ہی اس پر قابو پا لیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 519842
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش